بغداد: کرسمس تہوار پر دو بم حملے، 34 ہلاکتیں
بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں عیسائیوں پر دو بم حملوں میں کم از کم بائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایک پولیس افسر نے بدھ کو بتایا کہ بغداد کے جنوبی علاقے دورا میں ایک چرچ کے قریب کار بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک جبکہ تیس سے زائد زخمی ہو گئے۔
اس حملے سے کچھ دیر پہلے ایک بازار میں بم دھماکے میں سات افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہوئے۔
اب تک کسی نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ لیکن عراق کی چار سے چھ لاکھ کے درمیان عیسائی برادری ماضی میں القاعدہ اور دوسرے عسکریت پسند گروپوں کا نشانہ بنتی رہی ہے۔
ایک طبی افسر نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
آج ہونے والے حملوں کے بعد عراق میں اس مہینے میں اب تک 426 افراد مارے گئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق، رواں سال آٹھ ہزار لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
کرسمس کے تہوار پر یہ حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب حکام عراق کے مغربی صحرا میں ان عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کر رہے ہیں۔