پاکستان

عمران خان خیریت سے ہیں، انہوں نے آج ایک گھنٹہ ورزش کی، بیرسٹر گوہر

آج شام تقریباً 4 بجے ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی، ہم جلد ہی ان سے میڈیکل رپورٹس حاصل کریں گے اور میں آپ کے ساتھ شیئر کروں گا، چیئرمین پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے اور وہ خیریت سے ہیں اور انہوں نے آج ایک گھنٹہ ورزش کی۔

قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر سے واپس چلے گئے تھے اور انہیں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عاصم حسین بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر عاصم نے سیکیورٹی عملے کو اپنے کوائف نوٹ کروائے اور اس کے بعد بغیر بتائے واپس روانہ ہوگئے اور عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر، طبی ماہرین اور ایک ای این ٹی اسپیشلسٹ کے ساتھ جیل پہنچے تھے۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج شام تقریباً 4 بجے ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں خان صاحب سے ملاقات کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’ہمیں کچھ دیر پہلے بتایا گیا کہ الحمدللہ خان صاحب خیریت سے ہیں اور انہوں نے آج ایک گھنٹہ ورزش کی، ہم جلد ہی ان سے میڈیکل رپورٹس حاصل کریں گے اور میں آپ کے ساتھ شیئر کروں گا۔‘

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو خان ​​صاحب کی صحت کے بارے میں فکر مند تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک میں ہونے والا اپنا احتجاج حکومت کی اس یقین دہانی کے بعد مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ کرے گی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے وڈیو بیان میں کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے ہم سے باضابطہ رابطہ کر کے یقین دہانی کروائی ہے، آج صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا، وفاقی حکومت کی ضمانت پر پرامن احتجاج کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔