کھیل

کرکٹ کا نیا بدترین عالمی ریکارڈ کوہلی اور پولارڈ کے نام

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے کپتانوں نے نیا بدترین ریکارڈ قائم کر کے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔

بھارت نے روہت شرما اور لوکیش راہل کی سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز کو دوسرے ون ڈے میچ میں بآسانی 107رنز سے شکست دی لیکن اس میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے نیا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ٹیم کے عمدہ آغاز کے بعد میدان میں اترے تو امید تھی کہ وہ اپنے روایتی انداز کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑی اننگز کھیلیں۔

تاہم اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو اس وقت شدید مایوسی ہوئی جب کپتان ویرات کوہلی پہلی گیند پر آؤٹ ہو کر گولڈن ڈک شکار ہو گئے۔

بعدازاں ویسٹ انڈین ٹیم کی اننگز میں مہمان ٹیم کے کپتان کیرون پولارڈ میدان میں اترے تو محمد شامی نے انہیں بھی پہلی گیند پر پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ دونوں ہی ٹیموں کے کپتان میچ میں گولڈن ڈک کا شکار ہوئے اور اس سے قبل آج تک کسی بھی میچ میں ایسا نہیں ہوا تھا۔

ویرات کوہلی ون ڈے کیریئر میں تیسری مرتبہ گولڈنگ ڈک پر آؤٹ ہوئے جہاں وہ پہلی مرتبہ 2011 میں ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف پہلی مرتبہ اس خفت سے دوچار ہوئے تھے اور پھر آج سے چھ سال قبل انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی وہ کھاتا کھولے بغیر ہی پہلی ہی گیند پر رخصت ہو گئے تھے۔

بھارت نے میچ میں روہت شرما کے 159 اور لوکیش راہل کے 102رنز کی بدولت 387رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا جس کے جواب میں نکولس پوران اور شے ہوپ کی نصف سنچریوں کے باوجود ویسٹ انڈین ٹیم 280رنز پر ڈھیر ہو گئی۔