کھیل

پہلا ٹیسٹ: ایلگر اور ڈی کوک نے جنوبی افریقہ کو فالو آن سے بچا لیا

جنوبی افریقہ نے دونوں کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 8وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنا لیے ہیں۔

جنوبی افریقہ نے ڈین ایلگر اور کوئنٹن ڈی کوک کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنا لیے۔

وشاکاپٹنم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی پہلی اننگز کے اسکور 502 رنز کے جواب میں میچ کے تیسرے دن جنوبی افریقہ نے 39 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹیمبا باووما اور ڈین ایلگر وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن 63 کے مجموعی اسکور پر باووما 18 رنز بنا کر ایشانت شرما کی وکٹ بن گئے۔

4 وکٹیں گرنے کے بعد ایلگر کا ساتھ نبھانے کے لیے کپتان فاف ڈیو پلیسی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 115 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 178 کے مجموعی اسکور پر ایشون نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 55 رنز بنانے والے جنوبی افریقی کپتان کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

ڈین ایلگر نے 160 رنز کی اننگز کے دوران 4 چھکے اور 18 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

178 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم پر فالوآن کا خطرہ منڈلانے لگا تھا لیکن اس مرحلے پر ایلگر کے ساتھ کوئنٹن ڈی کوک وکٹ پر ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 164 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو فالو آن سے بھی بچا لیا۔

ڈین ایلگر نے شاندار سنچری اسکور کی اور 342 کے مجموعی اسکور پر 160 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رویندرا جدیجا کی ٹیسٹ کرکٹ میں 200ویں وکٹ بن گئے۔

ڈی کوک نے بھی اپنی سنچری مکمل کی لیکن 111 کے انفرادی اسکور پر ایشون نے ان کی وکٹ بکھیر دیں جبکہ ورنن فلینڈر کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنائے تھے جبکہ اسے بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 117 رنز درکار ہیں۔

بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون 5 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ دو وکٹیں جدیجا کے حصے میں آئیں۔