کھیل

جنوبی افریقہ سے سیریز کیلئے بھارت کے اسکواڈ میں حیران کن تبدیلیاں

بھارت نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ سے ریشابھ پانٹ اور لوکیش راہل کو ڈراپ کردیا۔

بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جہاں حیران کن طور پر نوجوان وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پانٹ اور لوکیش راہل کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز بدھ سے ہو رہا ہے جس کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اسکواڈ سے حیران کن طور پر نوجوان وکٹ کیپر ریشابھ پانٹ کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ 34سالہ وردھیمان ساہا کو دوبارہ اسکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے جنہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 18ماہ قبل کھیلا تھا۔

بھارت مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ کچھ عرصے سے مہندرا سنگھ دھونی کے متبادل کے طور پر ریشابھ پانٹ کو مواقع فراہم کر رہا تھا تاکہ عظیم بھارتی وکٹ کیپر کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں ان کا خلا پر کیا جا سکے۔

تاہم مستقل مواقع دیے جانے کے باوجود ناکامیوں کو دیکھتے ہوئے بھارت نے انہیں ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کردیا ہے۔

بھارتی ٹیم میں ایک اور قابل ذکر شمولیت تجربہ کار روہت شرما کی ہے جنہیں محدود اوورز کی کرکٹ میں مستقل اچھی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ اسکواڈ میں بطور اوپنر شامل کیا گیا ہے جبکہ نوجوان لوکیش راہل کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

یہ سیریز بھارت کے لیے اس لحاظ سے اہمیت کی حامل ہے کہ اگر وہ سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو ہوم گراؤنڈ پر لگاتار 10ٹیسٹ سیریز جیتنے کا آسٹریلیا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیں گے۔

جنوبی افریقہ کے لیے سیریز بچانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہو گا کیونکہ ہاشم آملا کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ ڈیل اسٹین ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ 2015 کا دورہ بھارت مہمان جنوبی افریقی ٹیم کے لیے ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا اور انہیں 4 میچوں کی سیریز میں 0-3 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ویرات کوہلی(کپتان)، روہت شرما، ماینگ اگروال، چتیشور پجارا، اجنکیا راہانے ، ہنوما ویہاڑی، روی چندرن ایشون، رویندرا جدیجا، وردھیمان ساہا، ایشانتت شرما اور محمد شامی۔