سال 2018 میں کرکٹ کے اہم واقعات
سال 2018 کسی کے لیے اچھی اور کسی کے لیے بری یادیں چھوڑ کرگیا، اسی طرح کرکٹ کے میدانوں سے بھی کوئی انعامات اور اعزازات لے کر نکلا جبکہ کسی کو شکست کی دلدل نے اپنی اندر سمولیا۔
ہم نے بھی کوشش کی ہے کہ ان لمحات میں سے کچھ کا ذکر یہاں کر سکیں۔
پی ایس ایل کا فائنل
کراچی کے سُونے میدانوں کی قسمت بھی 2018 میں ہی جاگی، جب پاکستان کے میگا کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل یہاں منعقد کروایا گیا۔
25 مارچ 2018 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف کے علاقوں کو بہترین انداز سے سجا دیا گیا، یہاں کسی سیاسی جماعت کا جلسہ نہیں ہونا تھا بلکہ یہاں 9 سال بعد کرکٹ کی رونقیں بحال ہونے کو تھیں، جہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لینا تھا۔
پی ایس ایل فائنل سے قبل ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں بین الاقوامی کھلاڑیوں نے اپنی آراء کا اظہار کیا، پاکستان کو دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک قرار دیا اور یہاں کی مہمان نوازی سے بھی محظوظ ہوئے۔
جو کھلاڑی پی ایس ایل فائنل کھیلنے کراچی آئے تھے، ان میں ڈیرن سیمی (ویسٹ انڈیز)، لیوک رونکی (نیوزی لینڈ) اور جین پال ڈومینی (جنوبی افریقہ) جیسے مشہور کھلاڑی بھی شامل تھے۔