کھیل

آسٹریلین اور بھارتی فیلڈرز نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین اور بھارتی فیلڈرز نے زیادہ کیچ پکڑنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا اور بھارت کے کھلاڑیوں نے پہلے ٹیسٹ میچ میں زیادہ کیچز تھام کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا اور میچ میں مجموعی طور پر 35 کیچز پکڑے۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے 18 جبکہ بھارتی کھلاڑیوں نے 17 کیچز تھام کر حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اتفاق کی بات یہ ہے کہ پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑی کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک میچ میں زیادہ کیچز کا عالمی ریکارڈ آسٹریلیا اور جنوبی افریقی کھلاڑیوں کے پاس تھا جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے رواں سال کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 34 کیچز تھام کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔

عالمی ریکارڈ برابر

بھارتی وکٹ کیپر ریشابھ پانٹ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک میچ میں وکٹوں کے پیچھے زیادہ شکارز کا جیک رسل اور اے بی ڈی ویلیئرز کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔

پانٹ نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں وکٹوں کے پیچھے 11 کھلاڑیوں کو شکار بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا اور وکٹوں کے پیچھے زیادہ شکار کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا، جو اس سے قبل جیک رسل اور اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ہے۔

انگلش وکٹ کیپر جیک رسل نے 1995 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اور ڈی ویلیئرز نے 2013 میں پاکستان کے خلاف میچ میں وکٹوں کے پیچھے 11 شکار کر کے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔

پانٹ عالمی ریکارڈ تو نہ توڑ سکے لیکن وہ ایک میچ میں وکٹوں کے پیچھے زیادہ شکار کرنے والے بھارتی وکٹ کیپر بھی بن گئے۔

انہوں نے دھونی اور وردھیمان ساہا کا ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا جہاں دھونی نے 9 اور ساہا نے 10 کیچز تھام رکھے تھے۔

کوہلی کا منفرد اعزاز

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے ساتھ ساتھ بھارتی ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا اور 20 مرتبہ ٹاس جیتنے کے بعد اب تک ان تمام میچز میں ناقابل شکست رہے۔

کوہلی نے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد جب بھی ٹاس جیتا تو ان کی ٹیم شکست سے محفوظ رہی۔

کوہلی نے اب تک مجموعی طور پر 20 میچز میں ٹاس جیتا جن میں سے 17 میچز میں بھارتی ٹیم نے فتوحات حاصل کیں جبکہ تین میچز ڈرا ہوئے۔

کوہلی دنیا کے پہلے کپتان ہیں جنہیں ٹاس جیتنے کے بعد شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا، سابق آسٹریلین کپتان ڈان بریڈمین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

بریڈ مین نے 10 مرتبہ ٹاس جیتا جن میں سے آسٹریلین ٹیم 9 میچز میں کامیاب رہی جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔