ٹیل اینڈرز کی مزاحمت بھی آسٹریلیا کو نہ بچا سکی، بھارت کامیاب
بھارت نے آسٹریلین ٹیل اینڈرز کی بھرپور مزاحمت کے باوجود میزبان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 31رنز سے شکست دے کر 15سال بعد ایڈیلیڈ میں ٹیسٹ میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 104 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کے لیے مزید 219 رنز درکار تھے۔
بھارت کو دن کے آغاز میں وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور 115 کے مجموعی اسکور پر ٹریوس ہیڈ کی وکٹ کی شکل میں بھارت کو پانچویں کامیابی۔
شان مارش نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 60 کے انفرادی اسکور پر جسپریت بمراہ نے ان کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے بھارت کو اہم ترین کامیابی دلائی۔
کپتان ٹم پین اچھی فارم میں اور بڑی اننگز کھیلنے کے موڈ میں نظر آئے لیکن بمراہ نے ایک مرتبہ اپنی ٹیم کو بڑی کامیابی دلاتے ہوئے 41رنز بنانے والے آسٹریلین کپتان کو پویلین رخصت کر کے بھارت کو ساتویں کامیابی دلائی۔
187 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلیا کی شکست صاف نظر آتی تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید بھارتی باؤلرز چند ہی اوورز میں میزبان ٹیم کی بساط لپیٹ دے گی لیکن اس مرحلے پر ٹیل اینڈرز بھارت کی فتح کی راہ میں حائل ہو گئے۔
مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے آٹھویں وکٹ کے لیے 39رنز کی شراکت قائم کی لیکن محمد شامی نے پانٹ کی مدد سے انہیں پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
اسٹارک اور نیتھن لایون کی ساجھے داری نے نویں وکٹ کے لیے 29رنز جوڑے لیکن بمراہ نے دن کی تیسری وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔
البتہ دسویں وکٹ کا حصول بھارت کے لیے ایک اور کٹھن مرحلہ ثابت ہوا اور جوش ہیزل وڈ اور لایون بھارتی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو فتح کے انتہائی قریب پہنچا دیا لیکن 291 کے مجموعی اسکور پر ہیزل وڈ ایک متنازع کیچ کے نتیجے میں پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے اور بھارت نے میچ میں 31رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
بھارت کی جانب سے بمراہ، روی چندرن ایشون اور محمد شامی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پہلی اننگز میں 123 اور دوسری میں 70رنز کی باری کھیلنے والے چتیشور پجارا نے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس میچ میں فتح کی بدولت بھارت نے 4 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے اور سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 14دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔