ایشین گیمز: پاکستان اور بھارتی ہاکی ٹیم گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر
ایشین گیمز کے ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں اور جاپان اور ملائیشیا کی ٹیموں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی کے مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ نسبتاً کمزور حریف جاپان سے تھا لیکن گزشتہ میچوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والی قومی ٹیم سیمی فائنل میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے کوارٹر کے تیسرے ہی منٹ میں جاپان کو پینالٹی کارنر ملا جس پر شوٹا یماڈا نے میچ کا واحد گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی اور مقابلہ برابر کرنے کی متعدد کوششیں کی لیکن وہ ان کی کوئی بھی کوشش کارگر ثابت نہ ہوئی اور جاپان نے دن کا دوسرا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو 0-1 سے شکست دے کر فتح اپنے نام کر لی۔
میچ میں پاکستانی ٹیم کو 4 پینالٹی کارنر ملے جس میں سے وہ کسی کو بھی گول میں تبدیل نہ کر سکے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم راؤنڈ میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی اور اس نے اپنے پانچوں میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں گولڈ میڈل کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی بھارتی ٹیم کا مقابلہ ملائیشیا سے تھا۔
بھارتی ٹیم نے میچ کی ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف کی ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد پینالٹی کارنر بھی حاصل کیے لیکن وہ کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔