کھیل

وزیر اعظم سے پی سی بی کے نامزد چیئرمین احسان مانی کی ملاقات

احسان مانی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں پاکستان کے کرکٹ بورڈ کے معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے نئے نامزد چیئرمین احسان مانی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور پاکستان کرکٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

بدھ کو عیدالاضحیٰ کے پہلے دن احسان مانی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے کرکٹ بورڈ کے معاملات کے حوالے سے گفتگو کی گئی خصوصاً پاکستان کرکٹ کے مستقبل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

نامزد رکن پی سی بی احسان مانی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ گورننگ بورڈ کے دیگر ارکان سے رابطے کر رہے ہیں اور اْمید ہے کہ چیئرمین کے انتخاب میں تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے۔

نامزد چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہوا تو آپ کی توقعات پر پورا اْتروں گا اور احسان مانی نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم کی لیڈر شپ میں پی سی بی میرٹ پر چلے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد وزیر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی کو چیئرمین کے عہدے کے لیے نامزد کردیا تھا۔