تیسرا ٹیسٹ: بھارت نے انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی
ناٹنگھم: بھارت نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 203 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں انگلینڈ کی برتری کم کرتے ہوئے 1-2 کر دی۔
ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پہلی اننگز میں 329 رنز بنائے۔
تاہم انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں مکمل ناکامی سے دوچار ہوئی اور 5 وکٹیں لینے والے ہردک پانڈیا کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارت نے دوسری اننگز میں بھی اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کوہلی کی سنچری کی بدولت 352 رنز 7کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا اور انگلینڈ کو فتح کے لیے 521 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کے چوتھے دن انگلش ابتدائی بلے بازوں کے غیرذمے دارانہ کھیل کے سبب مشکلات سے دوچار ہو گئی اور بین اسٹوکس اور جوز بٹلر کی شاندار شراکت کے باوجود ٹیم 311 رنز پر 9وکٹیں گنوا بیٹھی۔