ناقص انگلش فیلڈنگ کی بدولت کوہلی کے 149 رنز، بھارت کی پوزیشن مستحکم
انگلینڈ کی ناقص فیلڈنگ اور ویرات کوہلی کی شاندار 149رنز کی اننگز کی بدولت بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کا بھاری برتری لینے کا خواب چکنا چور کرتے ہوئے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
برمنگھم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 285 رنز 9 کھلاڑی آوٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو بھارت کو انگلش ٹیم کو آؤٹ کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی۔
دن کے دوسرے ہی اوور میں محمد شامی نے سیم کیورن کو آؤٹ کر کے انگلش ٹیم کی بساط 287رنز پر لپیٹ دی، کیورن نے 24رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 4 اور محمد شامی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 50رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن انگلش کپتان نے جیسے ہی سیم کیورن کو باؤلنگ پر متعارف کرایا، میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔
کیورن نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اوپننگ شراکت کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ مرلی وجے، شیکھر دھاون اور لوکیش راہل کو آؤٹ کیا تو بھارتی ٹیم 59رنز پر 3وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔
اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اسی اسکور پر بین اسٹوکس نے پہلے 15رنز بنانے والے راہانے کو آؤٹ کیا اور پھر دنیش کارتھک کو کھاتا کھولنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا۔
انگلینڈ کو اگلی ہی گیند پر دوبارہ وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن چوتھی سلپ میں موجود فیلڈر ہردک پانڈیا کا کیچ نہ تھام سکے۔
اگلے ہی اوور میں انگلینڈ نے اس وقت بڑی غلطی کی جب دوسری سلپ میں موجود ڈیوڈ ملان ان کا کیچ نہ تھام سکے جبکہ اگلی ہی گیند پر ایلسٹر کک نے آسان کیچ ڈراپ کر کے پانڈیا کو دوسرا موقع فراہم کیا۔