پولیس اہلکاروں پر تشدد کا الزام، پی ٹی آئی کے ندیم عباس نے گرفتاری دے دی
چیف جسٹس نے ندیم عباس کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔
لاہور: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے انتخابات 2018 میں کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ندیم عباس کے ہوائی فائرنگ اور پویس اہلکاروں پر تشدد کے واقعات کا نوٹس لیے جانے کے بعد ملزم نے گرفتاری پیش کردی۔
اس سے قبل چیف جسٹس نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 161 سے کامیابی حاصل کرنے والے پی ٹی آئی کے اُمیدوار ندیم عباس کی سر عام ہوائی فائرنگ اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
چیف جسٹس نے انتظامیہ کو حکم دیا تھا کہ ندیم عباس کا نام فوری طور پر ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں۔