کرکٹ سے سیاست میں قدم رکھنے والے بڑے کرکٹرز
تحریک انصاف کی عام انتخابات 2018 میں شاندار کامیابی کے ساتھ ہی وہ پہلی مرتبہ وفاق میں حکومت بنانے میں پوزیشن میں آ گئی ہے اور پارٹی چیئرمین عمران خان ممکنہ طور پر اگلے وزیر اعظم پاکستان ہوں گے۔
اس کے ساتھ ہی ایک کرکٹر کی حیثیت سے عملی زندگی کا آغاز کرنے والے عمران خان عالمی کپ جیتنے والے کپتان ہونے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم بننے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیں گے۔
تاہم عمران پہلے کرکٹر نہیں جنہوں نے سیاسی میدان میں بھی قدم رکھا بلکہ ان سے قبل اور ان کے بعد بھی متعدد کرکٹرز نے کھیل کے میدان کو خیرباد کہنے کے بعد سیاسی میدان میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
ایلک ڈگلس ہوم
ایلک ڈگلس ہوم برطانیہ کے واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے 1920 کی دہائی میں 6مختلف ٹیموں سے 10 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جبکہ ایم سی سی کے دورہ جنوبی امریکا کی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
انگلینڈ کے کپتان گبی ایلن انہیں ایک موثر سوئنگ باولر سمجھتے تھے اور وزیر اعظم کا منصب چھوڑنے کے بعد 1966 میں ڈگلس ایم سی سی کے صدر بھی منتخب ہوئے تھے۔
ارجنا رانا ٹنگا
سری لنکا کو 1996 کا عالمی کپ جتوا کر دنیا کو حیران کر دینے والے کپتان ارجنا راناٹنگا نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاست میں قدم رکھا۔