دنیا

انڈیا: پان والے کو ملا 132 کروڑ روپے کا بجلی کا بل

یاد رہے کہ اپریل 2007ء میں دو کمرے کے گھر کا بل 234 کروڑ روپے بھیج کر ہریانہ میں اس سے بھی بڑا ریکارڈ قائم کیا جاچکا ہے۔

نئی دہلی: ہندوستانی ریاست ہریانہ کے ضلع گوہانا کے ایک پان فروش راجیش سونی پت کو اس مرتبہ دیوالی کے موقع پر بجلی کے محکمے والوں نے زبردست جھٹکا دیا ہے، انہیں اکتوبر کے لیے 132 کروڑ روپے کا بجلی کا بل موصول ہوا ہے۔

یوں تو پاکستان میں بھی بجلی کے حد سے زیادہ بلوں کی شکایت عام ہے، لیکن ہندوستان میں تو گویا اس سلسلے میں ریکارڈ ہی توڑ دیا گیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق راجیش کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کا یہ بل دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا نہیں تھا کہ یہ رقم صرف اعداد میں غلط لکھی تھی، بلکہ الفاظ میں بھی یہی رقم لکھی تھی۔

راجیش نے کہا’’میں عام آدمی ہوں اور کرائے کی دکان میں یہ کاروبار کرتا ہوں۔ میں صرف ایک بلب اور پنکھا چلاتا ہوں۔ عام طور پر یہ بل ایک ہزار روپے سے کم آتا ہے۔‘‘

ہندوستانی میڈیا کے مطابق اپریل، 2007 ءمیں ہریانہ کا بجلی محکمہ اس سے بھی بڑا ریکارڈ قائم کرچکا ہے، اس وقت دو کمرے کے گھر کا بجلی کا بل 234 کروڑ روپے بھیجا گیا تھا۔