کھیل

غیر ملکی ہاکی ٹیموں کو پاکستان بلانے کی کوششیں

غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے کی ترغیب دینے کے لیے پی ایچ ایف کے صدر اور سیکریٹری ان دنوں نیدرلینڈز میں موجود ہیں۔

روٹرڈیم: انیس ستمبر سے جنوبی کوریا میں شروع ہونے والے سترویں ایشین گیمز سے پہلےغیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے کی ترغیب دینے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد ان دنوں نیدرلینڈز میں موجود ہیں۔

پی ایچ ایف کے دونوں عہدے دار ہاکی کے عالمی ادارے ایف آئی ایچ کے صدر لیاندرو نگرے سے ملاقات کے دوران پاکستان میں عالمی ہاکی کی بحالی کے لیے تعاون کی درخواست کریں گے۔

مجاہد کا کہنا ہے کہ ان کا یہاں آنے کامقصد پاکستان میں عالمی ہاکی کی بحالی کے لیے ایف آئی ایچ اور دوسرے ملکوں کی حمایت حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ایشیا گیمز سے پہلے کوریا اور ملائیشیا کے ہاکی دوروں کے لیے دونوں ملکوں کے حکام سے بھی بات چیت کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اس مرتبہ2010 گوانگ زو میں ایشیا گیمز میں حاصل ہونے والے تاج کا دفاع کرے گا۔

مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ وہ انڈیا کے ساتھ باہمی سیریز کے لیے پڑوسی ملک کی فیڈریشن سے بھی ملیں گے۔

مجاہد کے مطابق پاکستان ہاکی کی ترقی اور بحالی ان کا اہم ترین مقصد ہے۔

دوسری جانب پی ایچ ایف کے سابق صدر قاسم ضیاء دس جون کو ہیگ میں ہونے والی ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں۔

اگرچہ اختر رسول پی ایچ ایف کے سربراہ ہیں، لیکن ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹیو بورڈ کے رکن ہونے کی حیثیت سے ضیاء ہی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔