دنیا

ووٹنگ میں اضافے کے لیے کپل شرما اور کے کے کی خدمات

دہلی کے الیکشن کمیشن نے معروف کامیڈین کپل شرما اور بالی وڈ سنگر کے کے کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

نئی دہلی: پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے حوالے سے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہلی الیکشن کمیشن نے دس اپریل کو ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں ووٹوں کی شرح کا تناسب بڑھانے کے لیے معروف کامیڈین کپل شرما اور بالی وڈ سنگر کے کے کی خدمات حاصل کی ہیں، تاکہ وہ ووٹروں خصوصاً نوجوان ووٹروں میں اپنی مقبولیت کو استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ووٹ کاسٹ کرنے پر آماد کریں۔

پولنگ کے دن اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کرنے کے لیے اپنے گھر سے باہر نکلنے کی تلقین کرتے ہوئے کپل شرما نے کہا کہ ’’ہمیں انتخابات کو ایک قومی فیسٹیول کے طور پر منانے کی ضرورت ہے، اور پولنگ کے دن کو دیگر سرکاری چھٹیوں کے طور پر نہیں لینا چاہیٔے۔‘‘

’’یہ محض پکوڑا کھانے کا دن نہیں ہے، بلکہ یہ ایک بہتر گورنمنٹ کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنےکا دن ہے۔ دوسری صورت میں یہ پکوڑا اگلے پانچ سالوں کے لیے آپ کے پیٹ میں درد کرتا رہے گا۔‘‘ کپل شرما نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا۔

انہوں نے کہا کہ ’’ووٹنگ کے حوالے سے حالیہ برسوں کے دوران آگہی میں اضافہ ہوا ہے، جو جمہوریت کے لیے ایک خوش آئند علامت ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ بہتر مستقبل کے لیے ہر ایک کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیٔے۔‘‘

ووٹنگ کے حوالے سے آگہی میں اضافے کی ایک مہم کے سلسلے میں دہلی الیکشن کمیشن کے زیراہتمام ایک ثقافتی پروگرام ’جمہوریت کا جشن مسکراہٹ کے ساتھ‘ ٹالکٹورہ اسٹیڈیم میں منعقد کیا گیا، جس میں کپل شرما اور کے کے نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کیا۔

دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر وجے دیو نے اس موقع پر کہا کہ ’’الیکشن کمیشن انتخابات میں ووٹنگ کی شرح میں اضافے کے لیے متواتر کام کررہا ہے۔ ہم نے حالیہ ریاستی انتخابات سے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ووٹنگ کی شرح میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ہم آج کے پروگرام سے امید کرتے ہیں کہ اس سے ووٹروں میں ہمت پیدا ہوگی اور وہ پولنگ کے دن گھر سے باہر نکلیں گے اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔‘‘

وجے دیو نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دس اپریل کی پولنگ کو پُرامن بنانے کے لیے مناسب انتظامات کیے ہیں۔