کھیل

انیس سالہ عثمان شنواری ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل

فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری کو سری لنکا کیخلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے حالیہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا کے 19 سالہ فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری کو سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں شامل کر لیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز گیارہ دسمبر سے دبئی میں ہو گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد عثمان شنواری کو متحدہ عرب امارات بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گیارہ دسمبر کی صبح ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

عثمان شنواری نے زرعی ترقیاتی بینک کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹو ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے تین دسمبر کو ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دے کر پانچ قیمتی وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو ٹائٹل کا حقدار بنوا دیا۔

اس میچ میں انہوں نے حریف ٹیم سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو دوسری ہی گیند پر پویلین واپسی کا راستہ دکھا دیا تھا۔

بائیں ہاتھ فاسٹ باؤلر ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی خطرناک اور تیز باؤلنگ کی وجہ سے رواں سال کے آغاز سے ہی سلیکٹرز کی نظر میں تھے اور ڈومیسٹک کپ کے فائنل میں ان کی کارکردگی نے بالآخر سلیکٹرز کو انہیں ٹیم میں شمولیت پر مجبور کر دیا۔

نوجوان باؤلر کی اس پرفارمنس کو مصباح نے بھی سراہتے ہوئے ان کی ٹیم میں شمولیت کا عندیہ دیا تھا۔

مصباح نے کہا تھا کہ شنواری نے ٹی ٹوئنٹی فائنل میں شاندار باؤلنگ کی اور انہیں کھیلنا تقریباً ناممکن تھا، ہم سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ان کی ٹیم میں شمولیت پر غور کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ وسیم اکرم، وقار یونس اورعاقب جاوید جیسے فاسٹ باؤلرز کو نوجوانی میں متعارف کرانے سے بھری پڑی ہے۔

اگر شنواری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھی پرفارمنس دکھاتے ہیں تو ان کی سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے ٹیم میں شمولیت کے امکانات بھی روشن ہو جائیں گے۔