پاکستان

پشاور: پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ۔ ایک پولیس اہلکار ہلاک

حملے کی ذمہ داری اب تک کسی نے قبول نہیں کی ہے، تاہم اس علاقے میں طالبان متواتر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

پشاور: آج بروز جمعرات پانچ دسمبر کو حکام کے مطابق پشاور میں ایک پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگئے۔

یہ حملہ پشاور شہر کے مضافاتی علاقے بنوں ٹاؤن میں کیا گیا، صوبہ خیبرپختونخوا میں اس سے پہلے بھی بہت سے دہشت گردانہ حملے کیے جاتے رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار نشانہ بنے ہیں۔

مقامی پولیس اہلکار نور ولی نے بتایا ”پانچ سے زیادہ دہشت گرد وں کے ایک گروپ نے بدھ کی رات گئے پولیس چوکی پر حملہ کیا، جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ انہوں نے ہینڈگرینیڈ پھینکے اور پھر فائر کھول دیے، جس سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔“

ایک سینئر پولیس اہلکار اقبال خان نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے، لیکن طالبان دہشت گردوں نے ریاست کے خلاف ایک خونی بغاوت چھیڑ رکھی ہے، متواتر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔