حفیظ کا مزید ٹیسٹ میچز کے انعقاد کا مطالبہ

کراچی: پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے قومی ٹیم کے لیے مزید ٹیسٹ میچز شیڈول کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سال 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور اس وقت سے پاکستان میں کرکٹ کی عالمی سرگرمیاں تعطلی کا شکار ہیں تاہم اس کے باجود ٹی ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کا ماننا ہے کہ ٹیم کیلیے ٹیسٹ میچز کا انعقاد ہو سکتا ہے۔
انہوں نے پیر کو رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بورڈ سے کہوں گا کہ وہ اس معاملے پر غور کرتےہوئے مزید ٹیسٹ میچز کے انعقاد کی کوشش کرے کیونکہ میرے خیال میں کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری صرف ٹیسٹ میچز کھیلنے سے ہی آ سکتی ہے۔
حفیظ نے مزید کہا کہ ہمیں انتہائی کم ٹیسٹ میچز کھیلنے کو ملے جو انتہائی بدقسمتی کی بات ہے، گزشتہ سال ہم نے جنوری میں انگلینڈ سے تین ٹیسٹ میچز کھیلے اور پھر جون جولائی میں سری لنکا سے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی اور اب ہم جنوبی افریقہ جارہے ہیں۔ ہم چھ مہینے کے وقفے کے بعد ٹیسٹ میچز کھیلیں گے جس کی وجہ سے ہمیں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستان نے گزشتہ سال جنوری اور فروری میں متحدہ عرب امارات میں اپنی ہوم سیریز کھیلی تھی جس میں گرین شرٹس نے اس وقت کی ورلڈ نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز میں وائٹ واش کیا تھا تاہم جون جولائی میں سری لنکا کیخلاف اسی کی سرزمین پر کھیلی گئی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستانی ٹیم رواں ماہ تین ٹیسٹ میچز، دو ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلنے کیلیے جنوبی افریقہ جائے گی۔