بریڈ پٹ اوبامہ کے حامی
ہم جنس پرستوں کی شادی پر آزاد خیالات کے باعث امریکہ کے صدر باراک اوبامہ سپر اسٹار بریڈ پٹ کی ماں کو تو سخت ناپسند ہیں لیکن ہالی وڈ اداکاران کے زبر دست حامی ہیں۔
اداکار کی ماں جین پٹ نے کچھ عرصہ قبل صدارتی امیدوار مٹ رومنی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عیسائی ووٹرز سے رومنی کا ساتھ دینے کی اپیل کی تھی۔
جین کا کہنا ہے کہ انہیں اعلیٰ اخلاقی اقدار رکھنے اور خاندانی نظام کا پرچار کرنے والے شخص کو ووٹ دینے میں مسرت ہو گی۔
دوسری جانب، اپنی ماں کے برخلاف، بریڈ پٹ نے ٹیلی گراف کو بتایا کہ وہ اپنا ووٹ اوبامہ کو ہی دیں گے۔
لندن میں اپنی فلم 'کلنگ دیم سافٹلی' کے پریمئیر پر اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اوبامہ کے ساتھ ہیں اور ان کی انتخابی مہم کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جنس پرستوں کی شادی کا قانون ناگزیر ہے۔ یہ صرف وقت کی بات ہے کہ کب انہیں یہ حق حاصل ہو گا، شاید اگلی نسل تک انہیں اس کا حق مل جائے گا۔
یاد رہے کہ پٹ نے 2006 میں کہا تھا کہ وہ انجلینا جولی سے اس وقت تک شادی نہیں کریں گے جب تک امریکہ میں ہم جنس پرستی کی اجازت نہیں دی جاتی۔
ہالی وڈ کی اسٹار جوڑی نے مئی میں اوبامہ کی جانب سے ہم جنس پرستوں کی شادی کی حمایت کے اعلان سے ایک ماہ قبل ہی منگنی کا اعلان کیا تھا۔