• KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:52pm
  • LHR: Asr 4:38pm Maghrib 6:27pm
  • ISB: Asr 4:44pm Maghrib 6:34pm
  • KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:52pm
  • LHR: Asr 4:38pm Maghrib 6:27pm
  • ISB: Asr 4:44pm Maghrib 6:34pm

اورکزئی: جھڑپ میں 5 فوجی، 20 شدت پسند ہلاک

شائع August 14, 2012

فورسز نے شدت پسندوں کے اہم مرکز دولائی پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ فوٹو آئی ایس پی آر

کلایہ: اورکزئی ایجنسی میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں کم از کم بیس عسکریت پسند اور پانچ فوجی ہلاک ہوگئے۔

مقابلے میں فورسز کے اٹھارہ اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے اورکزئی ایجنسی کی غلجو تحصیل میں طالبان کے زیر اثر علاقے دولانی پر حملہ کیا اور مقابلے کے بعد تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر ملا طوفان کے مرکز پر قبضہ کرلیا۔

پولیٹکل تحصیل دار حامد خان نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دولانی پر قبضہ کرنے سے  ملا طوفان کے آبائی علاقے سامات میں پیش قدمی میں مدد ملے گی۔

فرنٹیئر کور کے میجر فضل نے جھڑپ میں پچیس عسکریت پسندوں کی ہلاکت اور سات کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق مقابلے میں سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار ہلاک جبکہ کیپٹن سمیت انیس زخمی ہوئے۔

دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران پانچ اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ زخمی ہونے والے اٹھارہ فوجیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب رائٹرز کو ایک عسکری ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جھڑپ کا آغاز اس وقت ہوا جب شدت پسندوں نے گشت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا۔

ایک اور غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق سیکورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ ان کی باغیوں سے جھڑپ ہو گئی جس کے نتیجے میں تیس شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

انہوں نے اپنی رپورٹ میں سرکاری ذرائع اور پاراچنار کے ایڈمنسٹریٹر کا حوالہ دیا ہے۔

ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی کیونکہ صحافیوںکو قبائلی علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں ہے جبکہ عسکریت پسند بھی اکثر سرکاری اعدادوشمار سے اختلاف کرتے ہیں۔

 

کارٹون

کارٹون : 9 اپریل 2025
کارٹون : 8 اپریل 2025