• KHI: Fajr 4:39am Sunrise 6:00am
  • LHR: Fajr 3:54am Sunrise 5:21am
  • ISB: Fajr 3:53am Sunrise 5:23am
  • KHI: Fajr 4:39am Sunrise 6:00am
  • LHR: Fajr 3:54am Sunrise 5:21am
  • ISB: Fajr 3:53am Sunrise 5:23am

سوات: شانگلہ پولیس نے تھانہ چوگا کی چوکی شیکولئی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

شائع April 12, 2025
گزشتہ شب پولیس کی جوابی کارروائی سے شیکولئی پولیس پوسٹ پر حملہ کرنے والے فتنہ الخوارج فرار ہوگئے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
گزشتہ شب پولیس کی جوابی کارروائی سے شیکولئی پولیس پوسٹ پر حملہ کرنے والے فتنہ الخوارج فرار ہوگئے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں شانگلہ پولیس نے تھانہ چوگا کی پولیس پوسٹ شیکولئی پر رات گئے ہونے والا دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نصف شب فتنہ الخوارج نے پولیس پوسٹ شیکولئی پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، شانگلہ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں شرپسندوں اور پولیس کے مابین کافی دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

پولیس کے بروقت اور فوری رسپانس سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے، شانگلہ پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف ہر بار بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔

علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران مختلف جگہوں پر دہشت گردوں کی پسماندگی کے نشانات پائے گئے۔

حکام کے مطابق شانگلہ پولیس دہشت گردوں کی کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، شانگلہ پولیس نے سیسہ پلائی دیوار بن کر بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شانگلہ میں مقابلہ کرنے والے جوانوں کو زبردست الفاظ میں شاباش پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، اور پولیس دہشت گردوں کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

آئی جی پی نے حملہ پسپا کرنے والے شانگلہ پولیس کے بہادر جوانوں کے لیے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

شانگلہ میں ڈی پی او شاہ حسن کی گاڑی پر بم دھماکا

شانگلہ کے پورن پولیس اسٹیشن چوگا کے علاقہ شیکولئی میں سرچ آپریشن کے دوران ڈی پی او شاہ حسن کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔

شانگلہ پولیس کے ترجمان عمر رحمٰن نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ گزشتہ رات شیکولئی پولیس پوسٹ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا اور شدید فائرنگ بھی کی تھی، لیکن پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے تھے۔

آج شانگلہ کے مختلف علاقوں میں ڈی پی او شاہ حسن کی نگرانی میں سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا، تاہم خوش قسمتی سے ڈی پی او شاہ حسن خان سمیت دیگر پولیس افسران اور جوان محفوظ رہے، تاہم پولیس موبائل کو نقصان پہنچا اور ایک پرائیویٹ موٹر کار بھی متاثر ہوئی جس میں پولیس اہلکار موجود تھے۔

دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 اپریل 2025
کارٹون : 25 اپریل 2025