• KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am

کراچی میں انڈر-23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے افتتاحی ایڈیشن کا آغاز

شائع April 6, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

انڈر-23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کا افتتاحی ایڈیشن کراچی کے کریک کلب میں شروع ہو گیا، جس میں غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ 6 پاکستانی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نئی متعارف کرائی گئی یہ چیمپئن شپ 6 سے 10 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں مردوں کے انفرادی چیمپئن شپ کا 32 کھلاڑیوں کا ڈرا اور خواتین کے انفرادی چیمپئن شپ کا 22 کھلاڑیوں کا ڈرا شامل ہے۔

ورلڈ اسکواش کے مطابق، فاتح کو پی ایس اے ورلڈ چیمپئن شپ کے لیےکوالیفیکیشن کے ساتھ ساتھ 60000 امریکی ڈالر کے انعامی پول کا بڑا حصہ ملے گا۔

آج صبح مریم ملک پہلی پاکستانی کھلاڑی تھیں جو ایکشن میں نظر آئیں۔ 21 سالہ کھلاڑی کو افتتاحی میچ میں اسپین کی نوآ رومیرو بلاسکیز نے 11-3، 11-2، 11-4 سے شکست دی۔

پاکستان کی جانب سے اگلا مقابلہ نور زمان کا تھا۔ دوسری سیڈ نے کویت کے حسین الزعتری کے خلاف 6-11، 11-5، 4-11، 3-11 سے شاندار فتح حاصل کی۔

سابق عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے رومانیہ کے رادو سٹیفن پینا کے خلاف تین اسٹریٹ سیٹوں میں 3-11، 1-11، 5-11 سے با آسانی فتح حاصل کرلی۔

حمزہ خان نے 2023 میں اس وقت تاریخ رقم کی تھی جب انہوں نے مصر کے محمد زکریا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2023 جیتی، اور وہ 1986 کے بعد ملک کے پہلے چیمپئن بنے تھے۔

باقی تین پاکستانی کھلاڑی بھی آج اپنے میچ کھیلیں گے، جن میں آمنہ فیاض کا مقابلہ جاپان کی کورومی تاکاہاشی سے، محمد عماد کا ملائیشیا کے امیشینراج چندرن سے، اور ثنا بہادر کا مقابلہ چیکیا کی تمارا ہولزبائروا سے ہوگا۔

کریک کلب کے پانچ کورٹس پر آج مجموعی طور پر 22 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) کے نائب صدر اور سندھ اسکواش کے صدر عدنان اسد اور ان کے ساتھی اسکواش میں پاکستان کو دوبارہ عروج پر پہنچانے کے متمنی ہیں۔

عدنان اسد نے اس ہفتے کے اوائل میں ورلڈ اسکواش کو بتایا کہ میرا وژن اگلے پانچ سالوں میں چند جہانگیر خان پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس چیمپئن شپ کی میزبانی ایک دو طرفہ حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت مستقبل میں پاکستان مزید اعلیٰ سطحی ایونٹس کی میزبانی کرے گا تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین ٹیلنٹ کے ساتھ مقابلہ کرنے کے زیادہ مواقع مل سکیں، اس کے ساتھ ساتھ پی ایس ایف اور نجی سرمایہ کاری میں سہولیات، آلات اور نچلی سطح کے پروگراموں میں اضافہ کیا جائے گا۔

عدنان اسد کا کہنا تھا کہ اس چیمپئن شپ کی میزبانی سے ہمیں بہت زیادہ امیدیں ہیں۔ مجھے توقع ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد سنجیدگی سے اگلے چند سالوں تک سخت محنت کرے گی اور امید ہے کہ پاکستان کو ایک بار پھر اسکواش کا چیمپئن بنائے گی۔

گزشتہ ماہ عالمی گورننگ باڈی سے بات کرتے ہوئے زمان نے ورلڈ اسکواش کو بتایا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ اپنے لوگوں کے سامنے کورٹ پر قدم رکھتے ہیں تو فخر اور ذمہ داری کا ایک ناقابل یقین احساس ہوتا ہے۔ تماشائیوں کی توانائی اور حمایت برقی رو کی طرح ہوتی ہے، اور یہ آپ کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مجبور کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دنیا کو پاکستانی ٹیلنٹ دکھانے اور اسکواش کے کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کا موقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 اپریل 2025
کارٹون : 13 اپریل 2025