اسرائیل کی غزہ پر شدید بمباری، خواتین اور بچوں سمیت درجنوں فلسطینی شہید
اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل آٹھویں روز بھی غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں 7 بچوں سمیت کم از کم 23 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ میں اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کے صحافی حسام شبات بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک ہفتے میں دوسری بار پالمیرا شہر کے قریب 2 شامی فضائی اڈوں پر بھی بمباری کی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں الجزیرہ کے رپورٹر حسام شبت کو ٹارگٹ کرنے اور مقبوضہ مغربی کنارے میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز حمدان بلال کی گرفتاری پر غم و غصے میں اضافہ ہوا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جنگ میں کم از کم 50 ہزار 82 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 13 ہزار 408 زخمی ہوئے ہیں۔
گن شپ ہیلی کاپٹرز کی آواز سے بچے خوفزدہ
خاص طور پر شجاعیہ اور الزیتون کے علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، اسرائیلی افواج وہاں گھروں پر حملے کر رہی ہیں۔
جبالیہ میں آدھی رات کو انخلا کے احکام بھی جاری کیے گئے، جہاں فلسطینیوں کو اندھیرے کے دوران آگ کی زد میں رہنے پر مجبور کیا گیا۔
ادھر دیر البلاح میں اسرائیلی فورسز نے 2 خاندانوں کے گھروں کو نشانہ بنایا، ایف 16 اور اپاچی ہیلی کاپٹروں کی آواز انتہائی بلند تھی، اور فلسطینی بچوں کے لیے صدمے کا باعث بن رہی تھی۔
وسطی غزہ کے بریج کیمپ میں ایک حملے میں ایک ہی خاندان کے 8 فلسطینی شہری شہید ہوگئے، حملے سے لگنے والی آگ کئی گھنٹوں تک جلتی رہی، وسطی علاقے میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
یہ سب کچھ اس وقت ہو رہا ہے، جب اسرائیلی افواج اہم زمینی گزرگاہوں کو بند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غزہ میں اب بھی کھانے پینے کی قلت ہے، ایندھن نہیں ہے، طبی سامان نہیں ہے اور کھانا پکانے کے لیے گیس بھی نہیں دی جا رہی۔
ہلال احمر کے 9 ملازمین تاحال لاپتا
فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کے 9 ارکان مسلسل تیسرے روز بھی لاپتا ہیں، کیونکہ وہ جنوبی غزہ کے رفح شہر میں امدادی مشن سے تاحال واپس نہیں پہنچ سکے۔
پی آر سی ایس کے مطابق شہادتوں کی اطلاعات کے بعد امدادی عملہ اتوار کے روز رفح کے مضافاتی علاقے الحشاشین کی جانب روانہ ہوا لیکن اسرائیلی افواج نے ان کا محاصرہ کر لیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی ’قسمت‘ اب تک نامعلوم ہے۔
اسرائیلی حکام نے بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے ان تک پہنچنے کی کوششوں میں تعاون کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
فلسطین ہلال احمر اپنی ٹیموں کی حفاظت پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، اور اسرائیلی قابض حکام کو ان کے انجام کا مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔
شام میں بمباری سے 5 شہری شہید
شام میں درعا کے قریب اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید ہوئے، درعا کے گورنر سیکریٹریٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے درعا کے قریب شام کے قصبے کویا میں مہلک حملہ کیا۔
گورنر سیکریٹریٹ نے آفیشل فیس بک پیج پر پوسٹ میں کہا کہ اس حملے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد شہید ہوئے، جس کی وجہ سے شہر میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔
یہ رپورٹ اسرائیلی فوج کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے پالمیرا شہر کے قریب شام کے 2 ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کی شام میں حملوں کی تصدیق
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے شام کے تدمور اور ٹی فور کے فضائی اڈوں پر حملے کیے ہیں، ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حمص میں پالمیرا شہر کے قریب واقع ہوائی اڈوں میں موجود ’باقی فوجی صلاحیتوں‘ کو نشانہ بنایا۔
یہ حملے اسرائیلی فوج کی جانب سے انہی اڈوں پر بمباری کے چند روز بعد کیے گئے ہیں، اس سے قبل پیر کے روز یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار کاجا کلاس نے کہا تھا کہ شام اور لبنان پر اسرائیل کے حملوں میں مزید اضافے کا خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شام پر اسرائیل کے حملے جو دسمبر میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شروع ہوئے تھے وہ غیر ضروری تھے، کیونکہ شام اس وقت اسرائیل پر حملہ نہیں کر رہا ہے، اسرائیلی حملوں سے مزید شدت پسندی کو فروغ مل رہا ہے۔
غزہ میں 208 صحافی شہید
فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 208 صحافی شہید ہوچکے ہیں، ان میں الجزیرہ کے 7 صحافی بھی شامل ہیں۔
الجزیرہ کے شہید ہونے والے صحافیوں میں 24 مارچ 2025 کو الجزیرہ مبشر کے صحافی حسام شبات شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے۔
31 جولائی 2024 کو الجزیرہ کے صحافی اسمٰعیل الغول اور رامی الرفی غزہ شہر کے مغرب میں واقع شتی پناہ گزین کیمپ میں رپورٹنگ کے دوران شہید ہوئے، 15 دسمبر 2024 کو اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کیمپ کے بازار میں فلسطینی شہری دفاع کی چوکی پر فضائی حملے میں فوٹو جرنلسٹ احمد بکر اللوح کو شہید کیا۔
7 جنوری 2024 کو صحافی اور الجزیرہ کے غزہ بیورو چیف وائل دہدوح کے سب سے بڑے بیٹے حمزہ دہدوح غزہ کے علاقے خان یونس کے مغربی حصے میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
14 دسمبر 2023 کو الجزیرہ کے صحافی سمیر ابوداقہ کو خان یونس کے فرحانہ اسکول میں رپورٹنگ کے دوران شہید کر دیا گیا تھا، سمیر ابوداقہ کے ساتھ موجود وائل دہدوح زخمی ہو گئے تھے۔
امریکا کی یمن پر حملوں کی تصدیق
امریکا کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک ویڈیو شائع کی ہے، جس میں لڑاکا طیارے رن وے سے اڑان بھر رہے ہیں، جس پر لکھا ہے کہ ’انہیں ہیل ہیری دو!!‘۔
یہ یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین طیارہ بردار بحری جہاز کا حوالہ ہوسکتا ہے، جو اس وقت یمن کے پانیوں میں موجود ہے۔
یہ پوسٹ اس وقت سامنے آئی جب یمنی میڈیا نے شمالی صوبے سعدہ پر امریکی حملوں کی تازہ ترین خبر دی تھی، صبا نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ تازہ ترین حملوں میں کم از کم 2 افراد زخمی ہوئے اور ایک کینسر کا ہسپتال تباہ ہوا تھا۔
دریں اثنا، یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے پر بھی حملے کیے ہیں۔