صہیونی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، 413 فلسطینی شہید، جبری انخلا کا حکم
سفاک صہیونی فوج نے ماہ صیام میں فلسطینیوں کی زمین خون سے رنگین کردی، جنگی طیاروں نے سحری کے وقت غزہ پر امریکی ساختہ بموں سے درجنوں حملے کردیے، تارہ حملوں میں 413 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی ہوگئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق صہیونی فورسز کی مسلسل بمباری کے بعد غزہ شہر مسلسل دھماکوں سے گونجتا رہا، اسرائیل نے حملہ ایسے وقت میں کیا جب لوگ گھروں، پناہ گزین کیمپوں اور اسکولوں کی عمارتوں میں سو رہے تھے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 326 زائد فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تاہم طبی ذرائع نے بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 356 افراد شہید ہوئے۔
اب تک شمالی غزہ میں شہدا کی تعداد 154 ہے۔
دریں اثنا، وزارت صحت نے بتایا کہ فلسطینی سرزمین پر منگل کی صبح شروع کیے گئے اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد ’کم از کم 413‘ تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں میں اب تک 413 شہدا کو لایا گیا ہے، اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں، جن ریسیکو کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو منسوخ کرنے کے لیے محصور اور بے سہارا شہریوں پر ’غدارانہ‘ حملہ کیا۔
فلسطینی اسلامی جہاد (پی آئی جے) نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ 19 جنوری سے جاری جنگ بندی کو جان بوجھ کر سبوتاژ کر رہا ہے۔
غزہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم متعدد دھماکوں کی ’تباہ کن‘ آوازوں سے بیدار ہوئے، جب غزہ کی پٹی کے شمال سے جنوب تک مختلف علاقوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا جن میں جبالیہ، غزہ سٹی، نصیرات، دیر البلاح اور خان یونس شامل ہیں۔
ان حملوں میں گھروں، رہائشی عمارتوں، بے گھر افراد کو پناہ دینے والے اسکولوں اور خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہادتیں ہوئیں، خاص طور پر جب یہ حملے لوگوں کے سونے کے اوقات میں ہوئے تھے۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ آج کے اسرائیلی حملوں میں کم از کم ڈھائی افراد شہید ہوئے ہیں۔
حملوں کے فورا بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے غزہ پر جنگ کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد حماس پر یرغمالیوں کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 48 ہزار 572 فلسطینیوں کی شہادت اور ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے شہادتوں کی تعداد 61 ہزار 700 سے زائد بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ملبے تلے دبے ہزاروں فلسطینی وں کو مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔
7 اکتوبر 2023 کو حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں کم از کم ایک ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زیادہ کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
حملہ اسرائیلی یرغمالیوں کیلئے سزائے موت ہے، حماس
حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن عزت الرشیق کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں اپنے باقی ماندہ قیدیوں کی زندگیوں کی قربانی دے رہا ہے۔
سی این این کے مطابق ایک بیان میں الرشیق نے کہا کہ نیتن یاہو کا جنگ میں واپسی کا فیصلہ ہمارے قبضے میں موجود صہیونی قیدیوں کو قربان کرنے اور ان کے خلاف سزائے موت دینے کا فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن جنگ اور تباہی کے ذریعے بھی وہ سب حاصل نہیں کرسکے گا، جو وہ مذاکرات کے ذریعے حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
حماس کا اسرائیل کے خلاف عالمی احتجاج کا مطالبہ
فلسطینی گروپ نے عرب اور اسلامی ممالک کے عوام اور دنیا کے آزاد لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر اسرائیل کے تباہ کن حملے کے خلاف سڑکوں پر نکلیں، اس حملے میں سیکڑوں فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
حماس نے دنیا بھر کے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں ہمارے عوام کے خلاف صہیونی جنگ کی بحالی کو مسترد کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کریں۔
اسرائیل کی جبری انخلا کے لیے دھمکیاں
اسرائیلی فوج نے جبری نقل مکانی کی دھمکیاں جاری کر دی ہیں، ’ایکس‘ پر ایک بیان میں اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان اویچی ادرائی نے مندرجہ ذیل علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر گھر بار خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پڑوس ’خطرناک جنگی علاقے بن جائیں گے، جن علاقوں کو جبری بے دخلی کی دھمکی دی گئی ہے، ان میں بیت حنون، خربت خزاعہ، اباسان الکبیرہ، اباسان الجدیدہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے شہری مغربی غزہ شہر یا خان یونس کی پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔
غزہ وزارت صحت کا خون کے عطیات کا مطالبہ
غزہ میں وزارت صحت اور پٹی بھر کے تمام ہسپتالوں نے فلسطینیوں سے خون کے عطیات دینے کا مطالبہ کیا ہے، اس کی وجہ چوٹ لگنے سے زخمی ہونے والوں کی کی بڑی تعداد اور خون کی فراہمی میں شدید کمی ہے۔
صحت کی سہولتوں میں زخمیوں کے علاج کے لیے درد کش ادویہ سمیت ضروری بنیادی طبی سامان کی بھی کمی کا سامنا ہے۔
اسرائیلی حکام نے غزہ میں 17 روز سے کسی بھی امدادی ٹرک کو داخل نہیں ہونے دیا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
اس کے علاوہ ایندھن کی بھی قلت ہے جس کی وجہ سے تمام طبی سہولتیں تباہ ہونے کا خطرہ ہے۔
صحت کے حکام عالمی برادری سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اسرائیلی فریق پر دباؤ ڈالے کہ وہ رسد کو پٹی میں داخل ہونے دے۔
تمام یرغمالیوں کی رہائی تک حملے
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر کا کہنا ہے کہ تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تک حملے جاری رہیں گے۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے سلامتی کونسل کے آئندہ اجلاس سے قبل ایک پوسٹ میں غزہ پر وحشیانہ فضائی حملوں کا دفاع کیا۔
انہوں نے لکھا کہ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، ہم اپنے دشمنوں پر رحم نہیں کریں گے، بہت واضح ہے کہ اسرائیل اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک ہمارے تمام یرغمالی وطن واپس نہیں آجاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سلامتی کونسل پر یہ واضح کر دیں گے کہ اگر وہ غزہ میں جنگ روکنا چاہتے ہیں تو انہیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ یرغمالی اسرائیل واپس آئیں، ہم انہیں واپس لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
حماس پر مکمل فوجی قوت سے حملہ ہوگا، نیتن یاہو
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ انہوں نے فوج کو غزہ میں حماس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس گروپ پر قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کرنے اور جنگ بندی کے بارے میں اسرائیل کی تجاویز سے اتفاق نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اب سے حماس کے خلاف بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے ساتھ کارروائی کرے گا۔
حماس کئی ہفتوں سے نیتن یاہو پر الزام عائد کرتی رہی ہے کہ وہ غزہ میں لڑائی کے خاتمے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
غزہ پر حملے میں ٹرمپ سے مشاورت کی تصدیق
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کارولین لیویٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ پر تازہ ترین حملہ کرنے سے قبل صدر ٹرمپ سے مشاورت کی تھی۔
انہوں نے ’فاکس نیوز‘ کو بتایا جیسا کہ صدر ٹرمپ نے واضح کر دیا ہے، حماس، حوثی، ایران – وہ سب جو نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکا کو دہشت زدہ کرنا چاہتے ہیں، ان سب کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی اور ان پر جہنم کھول دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں، حزب اللہ، حماس، ایران اور ایرانی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو صدر ٹرمپ کو بہت سنجیدگی سے لینا چاہیے، جب وہ کہتے ہیں کہ وہ قانون کی پاسداری کرنے والے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور امریکا اور ہمارے دوست اور اتحادی اسرائیل کے لیے کھڑے ہونے سے نہیں ڈرتے۔
اسرائیل کا زمینی حملے شروع کرنے کا اشارہ
اسرائیلی فوجی عہدیدار نے غزہ پر زمینی حملے کی دھمکی دیتے ہوئے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ جب تک ضروری ہوا، اسرائیل کا حملہ جاری رہے گا اور فضائی حملوں سے آگے بڑھے گا، جو غزہ کی پٹی میں اسرائیلی زمینی فوجیوں کی ممکنہ واپسی کا اشارہ ہے۔
غزہ پر جہنم کے دروازے کھولنے کی دھمکی
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع اسرائیل کارٹز نے دھمکی دی ہے کہ حماس نے تمام یرغمالی رہا نہ کیے تو ’غزہ پر جہنم کے دروازے‘ کھول دیے جائیں گے۔
اسرائیل کارٹز کا کہنا تھا کہ حماس پر اس انداز میں حملے کیے جائیں گے کہ اس نے ایسا پہلے کبھی دیکھا نہ سنا ہوگا۔
حماس نے امریکی تجویز مسترد کر دی تھی
ایگزیوس کے نامہ نگار براک راویڈ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی امریکی تجویز کو مسترد کیے جانے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کی ہیں۔
اسرائیل اور حماس اس وقت ثالثی مذاکرات میں مصروف ہیں، جب اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے سے انکار کر دیا تھا، جو پہلے مرحلے کے بعد شروع ہونا تھا، اور 6 ہفتوں تک جاری رہا تھا۔
حوثی باغیوں کا کشیدگی میں اضافے کا اعلان
یمنی گروپ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں غزہ کی پٹی اسرائیلی جارحیت کی بحالی پر اسرائیل کی مذمت کی گئی ہے۔
تنظیم کی سپریم پولیٹیکل کونسل نے کہا کہ فلسطینی عوام کو اس جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، یمن اپنی حمایت اور مدد جاری رکھے گا اور محاذ آرائی کے اقدامات میں اضافہ کرے گا۔
بحیرہ احمر میں اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں پر دوبارہ حملوں کی دھمکی دینے کے بعد حوثیوں کو حالیہ دنوں میں امریکی حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم اس کے باوجود انہوں نے حالیہ اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مالٹا، بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ کا حملے روکنے کا مطالبہ
مالٹا, بیلجیئم اور سوئٹزرلیند کی حکومتوں کی جانب سے مذمت کے تازہ بیانات سامنے آنے کے بعد اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ علاقے میں حملوں کی مذمت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، جب کہ سوئٹزرلینڈ نے بھی فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں ان حملوں کو ’وحشیانہ‘ قرار دیا ہے جن میں کم از کم 356 افراد شہید ہوئے ہیں۔
بیلجیئم کے وزیر خارجہ میکسم پریوٹ نے بھی نئے حملوں اور ان میں بھاری انسانی جانوں کے زیاں پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ میں فریقین پر زور دیتا ہوں کہ وہ معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کریں، جس سے سب کے لیے تعمیر نو اور امن کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔
سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حملوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شہری آبادی کے تحفظ کی ذمہ داری پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ فوری طور پر سیز فائر کی واپسی، تمام یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کرتا ہے۔