ایچ بی ایل اور ایس اینڈ پی نے پاکستان کا پہلا مینوفیکچرنگ انڈیکس لانچ کر دیا
حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) اور عالمی مالیاتی معلومات اور تجزیاتی فرم اسٹینڈرڈ اینڈ پوور گلوبل (ایس اینڈ پی گلوبل) نے ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر پر نظر رکھنے کے لیے پرچیزنگ منیجرز انڈیکس (پی ایم آئی) لانچ کیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بڑھتے ہوئے ٹیکسوں اور بجلی کے نرخوں نے پاکستان میں سماجی بے چینی کو جنم دیا ہے۔
ان عوامل نے پاکستان کی 350 ارب ڈالر کی معیشت میں صنعتوں کو نقصان پہنچایا ہے، کیونکہ یہ ستمبر میں منظور کردہ 7 ارب ڈالر کے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے تحت بحالی کی مشکل راہ پر گامزن ہے۔
یہ پاکستان کا پہلا جامع مینوفیکچرنگ انڈیکس ہوگا اور ایک ایسے ملک میں سرمایہ کاروں کے لیے معلومات کا ایک خوش آئند ذریعہ ہوگا جہاں معاشی اعداد و شمار بہت کم ہیں۔
ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کے منیجنگ ڈائریکٹر لیوک تھامپسن نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے پہلے پی ایم آئی کا اجرا معاشی پیش رفت پر نظر رکھنے اور مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی جانب سے فیصلہ سازی میں مدد دینے کے لیے بروقت اور ہائی فریکوئنسی ڈیٹا تک رسائی میں کردار ادا کرنے والا اہم واقعہ ہے۔