توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان کے وکیل کی مزید ایک گواہ پر جرح
اسلام آباد کے سینٹرل جج کی عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل نے استغاثہ کے گواہ قیصر محمود پر جرح کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اسپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔
اس موقع پر عمران خان اور بشری بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے گواہ قیصر محمود پر جرح کی۔
عمران خان کے وکیل اگلی سماعت پر بھی جرح جاری رکھیں گے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے عمران خان کا ٹرائل اوپن کورٹ میں کرنے کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 20 ماہ سے عمران خان جیل ٹرائل کے تحت مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست پر فیصلے تک ٹرائل کو روکا جائے، تاہم عدالت نے درخواست وصول کرکے ٹرائل جاری رکھا۔
عمران خان کے وکیل نے گواہ قیصر محمود پر جرح کی، جس کے بعد عدالت نے سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔
دوران سماعت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے مشال یوسف زئی کی درخواست پر جواب بھی عدالت داخل کرادیا، جس میں کہا گیا کہ مشال کا وکالت لائسنس خیبرپختونخوا بار نے معطل کررکھا ہے۔
مزید کہا گیا کہ معطل لائسنس پر وکالت نامہ جمع کرانے پر خیبرپختونخوا بار تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ 2 کیس میں مجموعی طور پر 8 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے جبکہ پراسیکیوشن کے ساتویں گواہ پر جرح جاری ہے۔
3 فروری کو گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وکیل نے استغاثہ کے 2 گواہوں پر جرح مکمل کرلی تھی۔
پس منظر
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔