ڈی چوک احتجاج کیس: پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین، رؤف حسن کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کیسز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں رؤف حسن اور شعیب شاہین کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسداد دِہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ، رمنا، مارگلہ، آپبارہ، کراچی کمپنی میں ایک، ایک مقدمہ جبکہ رؤف حسن کے خلاف تھانہ ترنول میں ایک اور تھانہ کوہسار میں 2 مقدمات درج ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی 13 درخواستیں 7 فروری تک منظور کی تھی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم جاری کرتے ہوئے 5، 5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی تھی۔
پس منظر
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے 24 نومبر کو بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے پشاور سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کیا تھا اور 25 نومبر کی شب وہ اسلام آباد کے قریب پہنچ گئے تھے۔
تاہم اگلے روز اسلام آباد میں داخلے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پی ٹی آئی کے حامیوں کی جھڑپ کے نتیجے میں متعدد افراد، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
26 نومبر کی شب بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور عمر ایوب مارچ کے شرکا کو چھوڑ کر ہری پور کے راستے مانسہرہ چلے گئے تھے، مارچ کے شرکا بھی واپس اپنے گھروں کو چلے گئے تھے۔