اسرائیل اور حماس میں معاہدے کیلئے ’حقیقی پیش رفت‘ ہو رہی ہے، امریکی صدر
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ معاہدے کی جانب ’حقیقی پیش رفت‘ ہو رہی ہے، کیونکہ مذاکرات کار اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جو بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اس سے قبل لبنان کے نئے صدر جوزف عون سے بھی بات کی تھی، وہ بہترین انسان ہیں، اور وہ بھی اس معاہدے کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔
امریکا کی عالمی فوجداری عدالت پر پابندی
امریکی ایوان نمائندگان نے غزہ میں اسرائیل کی مہم پر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت پر پابندی عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
140 کے مقابلے میں 243 ووٹ ’غیر قانونی کورٹ کاؤنٹر ایکشن ایکٹ‘ کے حق میں تھے، جو کسی بھی غیر ملکی پر پابندی عائد کرے گا، جو امریکی شہریوں یا اسرائیل سمیت کسی اتحادی ملک کے شہریوں کی تحقیقات، گرفتاری، حراست میں لینے یا ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتا ہے، جو عدالت کے رکن نہیں ہیں۔
45 ڈیموکریٹس نے بل کی حمایت میں 198 ریپبلکنز کے ساتھ شمولیت اختیار کی، کسی ریپبلکن نے اس کے خلاف ووٹ نہیں دیا۔
ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین برائن ماسٹ نے ووٹنگ سے قبل ایوان نمائندگان میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا یہ قانون اس لیے منظور کر رہا ہے، کیونکہ ’کینگرو کورٹ‘ ہمارے عظیم اتحادی اسرائیل کے وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے نئی کانگریس کے اجلاس کے بعد ایوان نمائندگان میں ہونے والی پہلی ووٹنگ نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھی ریپبلکنز کی جانب سے اسرائیل کی حکومت کے لیے مضبوط حمایت کی نشاندہی کی تھی۔