چار ماہ کی تاخیر کے بعد ’ایمرجنسی‘ کو رواں ماہ ریلیز کرنے کا اعلان
بھارت کی سابق پہلی اور اب تک کی واحد خاتون وزیر اعظم اور کانگریس رہنما اندرا گاندھی کی سیاست پر بنائی گئی بولی وڈ فلم ’ایمرجنسی‘ کو تقریبا چار ماہ کی تاخیر کے بعد رواں ماہ جنوری میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
کنگنا رناوٹ کی ہدایت کردہ فلم ’ایمر جنسی‘ کا پہلا ٹریلر اگست 2024 میں ریلیز کرتے ہوئے اسے ستمبر میں جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم بھارتی انتخابات اور فلم کی متنازع کہانی کی وجہ سے فلم کو سینسر بورڈ نے ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن اب اسے ریلیز کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
’ایمرجنسی‘ کا نیا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 17 جنوری کو سینماؤں میں پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
کنگنا رناوٹ نے بھی فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے فلم کو رواں ماہ ریلیز کرنے کی تصدیق کی اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی فلم کو ضرور دیکھیں۔
’ایمرجنسی‘ کو ایسے موقع پر ریلیز کیا جا رہا ہے جب کہ بھارت میں آنجھانی اندرا گاندھی کی جانب سے نافذ کردہ ایمرجنسی کو پچاس سال مکمل ہو رہے ہیں۔
اندرا گاندھی نے 1975 میں بھارت میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی، جس پر انہیں آج تک تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔
فلم میں اندرا گاندھی کی سیاست اور ان کی جانب سے بھارت میں نافذ کی گئی ایمرجنسی جیسے مسائل کو دکھایا جائے گا۔
فلم کے ٹریلر سے کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اس سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں متعدد سیاسی واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ بھارت امریکا سمیت دیگر بیرونی قوتوں کی مدد سے پاکستان سے جنگ اور کشیدگی بھی شروع کرتا ہے جب کہ ٹریلر میں اندرا گاندھی کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈھائے گئے مظالم کو بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم میں اندرا گاندھی کی جانب سے سکھوں کے خلاف طاقت کے غلط استعمال کو بھی دکھایا گیا ہے، جس کے عوض وہاں خالصتان تحریک زور پکڑتی ہے۔
ٹریلر میں شملہ معاہدے سمیت خالصتان تحریک اور اندرا گاندھی کی جانب سے بھارت میں جمہوری اقدار کو مسخ کرنے کے اقدامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔
’ایمرجنسی‘ میں کنگنا رناوٹ نے اندرا گاندھی کا روپ دھارا ہے جو کہ گزشتہ برس ہونے والے انتخابات میں رکن لوک سبھا بھی منتخب ہوئی ہیں۔
فلم کی ہدایات بھی کنگنا رناوٹ نے دی ہے جب کہ اس میں مہیما چوہدری، شریاس تلپڑے، انوپم کھیر سمیت دیگر اداکار اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔