بجلی بلوں میں ریلیف ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ بجلی قیمتوں پر جب تک عوام کو ریلیف نہیں ملےگا، ہم جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر منصورہ میں حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے امیر جماعت اسلامی کو انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسر (آئی پی پیز) کے مسئلہ پرحکومتی اقدامات اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں بنیادی ٹیرف میں کمی کی جائے، آئی پی پیز معاہدوں پر اب تک جو کام ہوا ہے، اسے عوام کے سامنے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی قیمتوں پر جب تک عوام کو ریلیف نہیں ملےگا،ہم جدوجہد جاری رکھیں گے، جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت جماعت اسلامی سے راولپنڈی میں معاہدہ کے دوران کیے گئے وعدوں پر قائم ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز معاہدوں سے متعلق عوام کو جلد خوش خبری ملے گی، حکومت تیزی سے آئی پی پیز مالکان سے مذاکرات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔