• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

صرف کرپشن کو آدھا کردیں تو آئی ایم ایف کی ضرورت باقی نہیں رہے گی، خواجہ آصف

شائع December 19, 2024
وزیر دفاع خواجہ آصف سیالکوٹ چیمبر میں نیوز کانفرنس کر رہے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو: اسکرین شاٹ
وزیر دفاع خواجہ آصف سیالکوٹ چیمبر میں نیوز کانفرنس کر رہے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو: اسکرین شاٹ

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کرپشن ہماری معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، پاکستان میں صرف بد عنوانی کو آدھا کردیں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق سیالکوٹ چیمبرز آف کامرس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ساتھ صنعت کاروں سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن کو 100 فیصد ختم کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، گزشتہ 4 سالہ دور حکومت کے دوران پیدا ہونے والے بگاڑ سے ابھی تک نمٹ رہے ہیں، حلال اور حرام کی تمیز ختم ہوچکی ہے، اللہ ہم سب کو رزق حلال کمانے کی توفیق دے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار ملک سے باہر جانے کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، 7 سے 8 ماہ میں کوئی ایک معاشی اشاریہ بتا دیں جو بہتر نہ ہوا ہو ؟، برآمدات میں اضافے کی کوشش کر رہے ہیں، سنگاپور جیسے ملک کی معیشت ایکسپورٹ پر مبنی ہے، اسی طرز پر ہمیں بھی اپنی معیشت کو استوار کرنا ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کلکٹر کسٹم اپنی پوسٹنگ کے لیے 40، 50 کروڑ کی رشوت دیتے ہیں، ایف بی آر کی ری ویمپنگ میں بہتری کے لیے کئی اقدامات کرر ہے ہیں، نان کسٹم پیڈگاڑیوں کی اسمگلنگ بہت زیادہ ہے، کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں اسمگل کی جارہی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کسی گاڑی کو ٹریک کرنے کے لیے ٹریکر لگایا جاتا ہے، وہ ٹریکر اتار کر دوسری گاڑی میں لگا دیا جاتا ہے، اصل گاڑی کہیں اور بھیج دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پورٹس اینڈ شپنگ کی منسٹری کی ٹاسک فورس کا سربراہ بنایا گیا تھا، ہم نے اس کی رپورٹ میں دیکھا کہ ایک کنٹینر کو اپریز کرنے میں 4 گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آئی پی پیز کو جو کیپسٹی پیمنٹس ہم کرتے ہیں، اس پر قابو پانا چاہیے، کسی طرح ان پلانٹس کو خرید کر اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے اسمبلی کے فلور پر ایک بیورو کریٹ کے گھر کی 2 شادیوں کا ذکر کیا تھا، جس میں بطور تحفہ اسے 4 ارب دیے گئے، یہ بات مجھے پرویز الٰہی نے بتائی تھی، وہ بیورو کریٹ چند ماہ کی چھٹی کے بعد آیا تو کسی نے اس سے نہیں پوچھا کہ اتنا پیسہ آپ کے پاس کیوں آیا؟۔

انہوں نے کہا کہ ہم صنعتکاروں کے مسائل سمجھتے ہیں، ہم چاہتے ہیں ان سے قریبی رابطہ رکھا جائے، آج کی ملاقات بھی فالو اپ میٹنگ تھی، حکومت صنعتوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔

صنعت کاروں کی مشاورت سے بجٹ لائیں گے، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سیالکوٹ چیمبر میں صنعتکاروں کے ساتھ اجلاس اور صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ٹیکسز کی ادائیگی میں ہراسمنٹ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں، صنعت کاروں کی مشاورت سے بجٹ میں تجاویز پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، شرح سود 22 فیصد سے بتدریج کم ہوکر 13 فیصد کی سطح پر آچکی ہے، سیالکوٹ کی صنعت کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ نان فائلرز آنے والے دنوں میں شکنجے میں آئیں گے، ہم نے ملک بھر میں صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات میں کہا ہے کہ کوئی بہتری اگر دہائیوں سے نہیں آسکی تو اس کا یہ مطلب نہیں اب بھی نہ ہو، اب آپ سب کو اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کیپسٹی پیمنٹس کے بوجھ کو مینج کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حالات بہتر ہونے پر ہی صنعتوں کو ونٹر ہیکیج دیا گیا ہے، حکومت کے اقدامات سے آنے والی بہتری کو بھی تسلیم کیا جائے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024