• KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 3:24pm

’کامیابی صبر، محنت اور ثابت قدمی سے ملتی ہے‘، شعراء، ادبا کرام کا تقریب سے خطاب

شائع December 16, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

نامور شعراء، دانشوروں اور صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی کسی بھی ترقی یافتہ قوم نے محنت، لگن اور قربانی کے بغیر ترقی نہیں کی اور اگر جاپان، جرمنی، چین اور جنوبی کوریا کے نوجوان بھی ملک سے بھاگ جاتے تو آج وہ ملک بھی ترقی یافتہ ہونے کے بجائے تباہ حال ہی رہتے۔

راولپنڈی میں جہان مسیحا ادبی فورم کے تحت 2025 کے موضوعاتی کیلنڈر کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی، جس میں ڈاکٹروں، شعراء اور دانشوروں نے شرکت کی اور پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے امید، حوصلے اور جدوجہد کے پیغامات دیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شعراء، ادبا کرام اور ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ دنیا کی کسی بھی ترقی یافتہ قوم نے محنت، لگن اور قربانی کے بغیر ترقی نہیں کی اور اگر جاپان، جرمنی، چین اور جنوبی کوریا کے نوجوان بھی ملک سے بھاگ جاتے تو آج یہ ملک بھی ترقی یافتہ ہونے کے بجائے تباہ حال ہی رہتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

معروف شاعر افتخار عارف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی استقامت اور امید پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ دنیا کی عظیم قوموں بشمول چین، جنوبی کوریا، جاپان اور جرمنی نے بھی مشکلات کا سامنا کیا لیکن ان کے دانشوروں نے اپنی نوجوان نسل کو کبھی ترک وطن کا مشورہ نہیں دیا۔

انہوں نے قوم میں امید اور استقامت پیدا کی جس کی بدولت ان ممالک نے اندرونی جدوجہد کے ذریعے ترقی حاصل کی۔

افتخار عارف نے مزید کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور باصلاحیت ذہنوں سے مالا مال ہے اور اجتماعی محنت کے ذریعے اسے ایک عظیم قوم میں بدلا جا سکتا ہے۔

مشہور شاعر انور مسعود نے بھی نوجوانوں کو جدوجہد اور امید کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مایوسی کے بجائے امید کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ پاکستان کے عوام میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ کامیابی صبر، محنت اور ثابت قدمی سے حاصل ہوتی ہے اور پاکستان کے مستقبل کی کامیابی اس کی عوام کی طاقت اور عزم پر منحصر ہے۔

معروف شاعر اور ادیب انعام الحق جاوید نے بھی نوجوانوں میں اتحاد اور استقامت کی اہمیت کو اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز ناقابلِ حل نہیں ہیں اور اگر نوجوان اپنی توانائی تعمیری کاموں میں لگائیں تو کوئی بھی رکاوٹ قومی ترقی کے سفر کو نہیں روک سکتی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2024
کارٹون : 16 دسمبر 2024