ایک رات جیل میں گزارنے کے بعد الو ارجن جیل سے رہا
ایک رات جیل میں گزارنے والے جنوبی بھارتی فلم سپر اسٹار الو ارجن نے ضمانت پر جیل سے رہائی حاصل کرلی۔
الو ارجن کو بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کی پولیس نے 13 دسمبر کو بھگدڑ میں ایک خاتون کی ہلاکت کے بعد گرفتار کیا تھا۔
الو ارجن کو ایک رات اور نصف دن جیل میں رکھے جانے کے بعد پولیس نے انہیں 14 دسمبر کی صبح کو ضمانت پر رہا کردیا۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق الو ارجن کو پولیس نے 14 دسمبر کی صبح کو جیل سے رہا کیا، وہ جیل سے سیدھا گھر پہنچے، جہاں جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے متعدد اداکار ان کے منتظر تھے۔
جیل سے رہائی کے بعد الو ارجن سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مداحوں، شوبز شخصیات اور میڈیا کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے اظہار محبت بھی کیا۔
انہوں نے میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھگدڑ میں ایک خاتون کی ہلاکت سے ان کا براہ راست کوئی تعلق نہیں، وہ بھی مذکورہ تھیٹر میں گزشتہ 20 سال سے فلم دیکھنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خاتون کی ہلاکت کے معاملے پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتے، انہیں ایک شخص کی زندگی کے ختم ہونے پر افسوس ہے، وہ جاں بحق ہونے والی خاتون کے خاندان کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہیں۔
الو ارجن کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ مرنے والی خاتون کو واپس نہیں لا سکتے لیکن وہ ان کے خاندان کی ہر وہ مدد کرنے کو تیار ہیں جو ان کے بس میں ہوگا، بھگدڑ سے ان کا براہ راست کوئی تعلق نہیں۔
الو ارجن کی رہائی کے بعد ان کے وکلا نے پولیس نے اداکار کے ساتھ بدتمیزی کرنے سمیت انہیں غیر قانونی طور پر ایک رات جیل میں رکھنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا ہائی کورٹ نے 13 دسمبر کو ہی اداکار کی ضمانت منظور کی تھی لیکن پولیس نے غیر قانونی طور پر اداکار کو ایک رات جیل میں رکھا۔
خیال رہے کہ الو ارجن کو پولیس نے 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں ان کی فلم ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ کے دوران بھگدڑ مچنے سے خاتون کی ہلاکت اور ایک بچے کے زخمی ہونے کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔
ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر نے اداکار سمیت تھیٹر مالک اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا اور پولیس نے الو ارجن سمیت دیگر 7 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے الو ارجن کو 13 دسمبر کو گرفتار کرکے 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا لیکن 14 دسمبر کو انہیں ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد رہا کردیا گیا۔
الو ارجن کی ’پشپا 2‘ ان کی اسی نام سے دو سال قبل ریلیز ہونے والی فلم کا سیکوئل ہے، انہیں اسی فلم کے کردار پر نیشنل ایوارڈ بھی ملا تھا۔
الو ارجن کا شمار جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے چند مقبول ترین اور سپر اسٹارز میں ہوتا ہے۔