پھوپھو کی وجہ سے شوبز میں ہوں، سعدیہ امام کا انکشاف
سینیئر اداکارہ سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی پھوپھو اور پھوپھا کی وجہ سے شوبز انڈسٹری میں ہیں، انہوں نے ہی ان کے والدین سے ان کی اداکاری کی اجازت لی تھی۔
سعدیہ امام نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خالہ اور پھوپھو میں فرق کرنے کے سوال پر اپنی پھوپھیوں کی تعریفیوں کے پل باندھ دیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی پانچ پھوپھیاں تھیں اور انہیں اپنے والد کی بہنوں سے بے تحاشہ پیار ملا، انہیں کبھی کسی چیز کی کمی نہیں دی گئی۔
ان کے مطابق بچپن میں جب وہ چھوٹی تھیں تو چھٹیاں گزارنے اپنی بڑی پھوپھو کےہاں آزاد کشمیر چلی جاتی تھیں، جہاں ان کا خیال اولاد کی طرح کیا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنی پھوپھیوں سے بے حد محبت ملی، ان کی چھوٹی پھوپھو ان کے کپڑے اور فراک تک سیتی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی پھوپھیاں اور پھوپھو ان کا اسکول کا ہوم ورک تک کرواتے تھے اور وہ ان کی وجہ سے ہی شوبز میں موجود ہیں۔
سعدیہ امام نے بتایا کہ ان کی بڑی پھوپھو اور پھوپھا نہ صرف ان کی تعلیم پر توجہ دیتے تھے بلکہ ان کا تلفظ بھی درست کرواتے تھے اور ان کی وجہ سے ہی وہ شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
ان کے مطابق ان کے پھوپھا اور بڑی پھوپھو نے ہی ان کے والدین کو انہیں اداکاری کی اجازت دینے کا کہا تھا اور ان کی وجہ سے ہی وہ شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے کبھی خالہ اور پھوپھو میں زیادہ فرق نہیں کیا، انہیں اپنی پھوپھیوں سے پیار ملا، وہ انہیں والدین کی طرح سمجھتی تھیں جب کہ پھوپھیاں انہیں اپنے بچوں کی طرح دیکھتے تھے۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل مریم نفیس نے ایک پروگرام میں اپنی پھوپھو سے بیزاری کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ لوگوں کی پھوپھیاں اچھی ہوں گی، ان کی پھوپھو اچھی نہیں۔