’بیرسٹر گوہر اچھے انسان ہیں‘، فیصل واڈا کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات میں گفتگو
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے ماضی میں قریبی ساتھی سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اچھے انسان ہیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینیٹر فیصل واڈا اور پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
سینیٹر فیصل واڈا اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی غیر رسمی ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔
ملاقات کے دوران سینیٹر فیصل واڈا اور بیرسٹر گوہر بغل گیر ہوگئے، اس موقع پر فیصل واڈا نے کہا کہ بیرسٹر گوہر ان کے بھائی ہیں اور اچھے انسان ہیں۔
آزاد حیثیت میں ایوان بالا کا رکن بننے والے سینیٹر فیصل واڈا نے گزشتہ ہفتے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کی زندگی کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور حواریوں سے بچانا میرا ایجنڈا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی صاحب میرے لیڈر رہ چکے، ان کے طرز سیاست سے مخالفت تھی، ان کو بھی سمجھ آجانا چاہیے کہ میں ابھی بھی ان کی جان بچانے اور انہیں سیاسی مصیبتوں سے بچانے کے لیے یہ سب کر رہا ہوں۔