صاحبزادہ حامد رضا نے بھی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی سے استعفی دے دیا
سلمان اکرم راجا کے بطور سیکریٹری جنرل مستعفی ہونے کے بعد صاحبزادہ حامد رضا نے بھی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی استعفیٰ دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ حامد رضا قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج ہی پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بھی عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے بعد مسلسل تنقید کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے عہدے سے استعفی دیا۔
مزید بتایا تھا کہ سلمان اکرم راجا کو لاہور سے قافلہ لے کر اسلام آباد جانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، راستے بند ہونے کے بعد سلمان اکرم راجا کی جانب سے لاہور میں ہی احتجاج کا پلان بنایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجا لاہور میں بھی ورکرز کو نکالنے میں ناکام رہے تھے۔
گزشتہ روز انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ہم پر اعتراض کیا کہ ہم احتجاج میں اسلام آباد کیوں نہیں پہنچے، دیکھیے! ہم لاہور میں ملے، میں پورا دن لاہور شہر کی سڑکوں پر رہا، وہاں یہ عالم تھا کہ اگر 10، 20 یا 30 لوگ بھی اکٹھے ہوتے تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی تھیں، ان کو گرفتار کیا جاتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا حق تھا کہ ہم ایک جگہ اکٹھے ہوتے اور اسلام آباد جاتے لیکن تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا، جس تعداد میں لوگ نکلنا چاہتے اور اسلام آباد میں احتجاج کرنا چاہتے تھے وہ ممکن نہیں تھا۔