• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

راولپنڈی پولیس نے عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کر لیا

شائع November 21, 2024
— فائل فوٹو:  فوٹو بشکریہ فیس بُک/ عمران خان
— فائل فوٹو: فوٹو بشکریہ فیس بُک/ عمران خان

راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پولیس نے بتایا کہ عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو آج جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقدمہ جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ، پولیس سے مزاحمت پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مقدمہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر واقعات پر بھی درج کیا گیا ہے۔

مزید کہنا تھا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم عمران خان سے تفتیش کر رہی ہے، انہیں کل جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 20 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 ضامنوں کے عوض ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

عدالت عالیہ نے توشہ خانہ کیس 2 میں عمران خان کی ضمانت کی منظوری کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا تھا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایک صفحہ پر مشتمل مختصر حکمنامے میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی 10 لاکھ روپے مالیت کے مچلکے اور دو ضامنوں کے عوض ضمانت منظورکی جاتی ہے۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں خبردار کیا تھا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ نہ اٹھائے، جب تک کہ عدالت استثنیٰ نہ دے، درخواست گزار کو ہر سماعت پر ٹرائل کورٹ میں حاضر ہونا ہوگا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس 2 میں ضمانت کے باوجود رہانی نہیں ملےگی، سابق وزیراعظم کو جیل سے رہائی کے لیے مزید 66 مقدمات میں ضمانت درکار ہے۔

ادھر سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان رہا نہیں ہو رہے، ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ مجھے بالکل بھی حیرانی نہیں ہوگی اگر پی ٹی آئی 24 نومبر کی احتجاج کی کال کو واپس لے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024