پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو ایک ساتھ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، فہد مصطفیٰ
اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو نہ صرف ایک ساتھ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے بلکہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ممالک میں شوٹنگ کی بھی اجازت ہونی چاہیے۔
فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مرحوم عرفان خان کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں آنجھانی اوم پوری سمیت اسی طرح کا کام کرنے والے بھارتی اداکار پسند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نصیر الدین شاہ، پنکج کپور اور راج کمار راؤ جیسے اداکار انہیں پسند ہیں، وہ ان جیسی اداکاری کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اوم پوری کے ساتھ کام کرکے نہ صرف مزہ آیا بلکہ انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا بھی۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تقریبا ایک جیسے ہیں، جس طرح بھارت میں پاکستانی ڈرامے دیکھے اور پسند کیے جاتے ہیں، اسی طرح پاکستان میں بھارتی فلمیں دیکھی جاتی ہیں۔
ان کے مطابق دونوں ممالک کے فنکار اگر مل کر کام کریں گے تو اور بھی مزہ آئے گا اور اس میں دونوں ممالک کے فنکاروں کا فائدہ ہوگا۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ نہ صرف کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے بلکہ دونوں ممالک میں جاکر شوٹنگ کرنے کی اجازت بھی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ملک میں شوٹنگ کی اجازت ہوگی تو وہ تیسرے ملک جاکر شوٹنگ نہیں کریں گے۔
فہد مصطفیٰ کا حال ہی میں اختتام پذیر پر پہنچنے والے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کی پروڈکشن کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کے ڈرامے کی پروڈکشن انتہائی اعلیٰ معیار کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ڈرامے کی پروڈکشن ’نیٹ فلیکس اور ایمازون‘ جیسے عالمی پلیٹ فارم جیسی تھی اور انہوں نے ثابت کیا کہ اگر ان کے پاس پلیٹ فارم نہیں تو کیا ہوا، وہ بھی عالمی سطح کا کام کر سکتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے امید کا اظہار کیا کہ اب ان سمیت دیگر پاکستانیوں کے لیے نیٹ فلیکس اور ایمازون جیسے پلیٹ فارمز پر کام کرنے راستے بھی کھلیں گے۔