• KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am

کراچی: شاہراہ فیصل پر واقع ہوٹل کی تیسری منزل پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

شائع November 18, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

کراچی کی شاہراہ فیصل پر واقع ہوٹل کی تیسری منزل اور نیو چالی کے قریب واقع ایک اور عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔

ریسکیو 1122 سندھ کے حکام نے ایک بیان میں بتایا کہ شاہراہ فیصل پر مہران ہوٹل کے قریب آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد ریسکیو ٹیم، ایمبولینس اور 2 فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو 1122 نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس کے عملے کو ہوٹل کی تیسری منزل میں دھوئیں کی شدت کی وجہ سے داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جہاں آگ لگنے کی رپورٹ موصول ہوئی تھی۔

بعد ازاں ریسکیو 1122 کا عملہ کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر وہاں پہنچنے میں کامیاب رہا۔

دوپہر 2 بجے کے قریب ریسکیو 1122 نے اپ ڈیٹ جاری کی کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

بیان کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریسکیو سروس کے مطابق آگ پر قابو پانے میں 4 فائر بریگیڈ اور 2 واٹر باؤزر نے حصہ لیا۔

ہوٹل میں موجود افراد کوبھی بحفاظت نکالاگیا، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکیں۔

دوسری جانب نیو چالی کے قریب واقع عمارت میں لگنے والی آگ پر فائربریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے قابو پالیا، فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ دوسری منزل پر بنے دفتر میں لگی تھی، بروقت پہنچ کر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

حکام کے مطابق عمارت میں ہنگامی اخراج کا راستہ یا دھواں نکلنے کی جگہ نہیں تھی،
جو لوگ عمارت میں پھنسے تھے، انہیں فوری نکالا گیا اور آگ پر قابو پالیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں ایک دفتر مکمل طور پر جل گیا جب کہ آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں۔

آگ لگنے کے باعث ایک شخص نے عمارت سے چھلانگ لگائی زخمی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

2 روز قبل آئی آئی چندریگر کے قریب ایک کثیر المنزلہ کمرشل عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی جب کہ اس کے بعد اتوار کی شام ملیر میں ماڈل کالونی کے ایک گودام میں گیس سلنڈر پھٹنے کے بعد زبردست آگ لگ گئی تھی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024