ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی، دنیا بھر کے سربراہان مملکت کی مبارکباد

شائع November 6, 2024
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے صدارتی انتخابات میں میدان مار لیا، ری پبلکن امیدوار مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے دوسری بار صدر منتخب ہوگئے، جبکہ ری پبلکن نے سینیٹ میں بھی اکثریت حاصل کر لی۔

دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے صدارتی انتخاب میں کاملا ہیرس کو شکست دے کر پھر امریکی صدر بننے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق فاکس نیوز، ایسوسی ایٹڈ پریس، نیو یارک ٹائمز اور دیگر کی جانب سے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جیتنے کی خبروں کے بعد انہیں مبارکباد کے پیغامات ملنا شروع ہوئے۔

چار سال قبل وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں فتح کے ساتھ شاندار سیاسی واپسی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کو 47 واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’ٹرمپ کو دوبارہ امریکا کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں، نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔‘

چین

چین نے امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کی ہے، اے ایف پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ ہم امریکی عوام کی پسند کا احترام کرتے ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں’۔

قبل ازیں چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا کے ساتھ پرامن باہمی تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔

ماؤننگ نے کہا کہ ’ہم امریکی لوگوں کے انتخاب کی قدر کرتے ہیں، ہماری امریکا کے حوالے سے پالیسی مستقل ہے، امریکی صدارتی الیکشن ان کا اندرونی معاملہ ہے۔‘

انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے نو منتخب صدر کو مبارکباد دینے کے حوالے سے کہا کہ امریکا کے الیکشن کے باضابطہ نتائج کے بعد ہم معاملات کو معمول کے طریقے سے چلائیں گے۔’

وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ کا مزید کہنا تھا کہ ہم باہمی احترام، باہمی امن اور مشترکہ تعاون کے اصولوں پر مبنی چین-امریکا تعلقات کو جاری رکھیں گے۔

بھارت

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ’ایکس‘ پر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ’ وہ ٹرمپ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان جامع عالمی اور تزویراتی شراکت داری کے لیے مسلسل رابطے کے خواہاں ہیں۔’

نریندر مودی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ’ آئیے ہم اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کریں اور ساتھ ہی عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو بھی فروغ دیں۔’

روس

ڈونلڈ ٹرمپ کو جہاں دنیا بھر سے جیتنے پر مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے، وہیں کریملن کے ترجمان ڈمٹری پیسکو نے صحافیوں کو بتایا کہ نو منتخب امریکی صدر کے اقدامات کو دیکھا جائے گا، صدر ولادیمیر پیوٹن کا انہیں مبارکباد دینے کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ امریکا یوکرین میں تنازع کو ختم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے لیکن وہ اس مسئلےکو ہوا دینے والا ملک بھی ہے۔’

ڈمٹری پیسکو کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کچھ سخت بیانات بھی دیئے ہیں تاہم انہوں نے عالمی سطح پر امن کی خواہشات اور پرانی جنگوں کو جاری رکھنے کی بنیاد پر ہونے والی سیاست کو ختم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

یوکرین

ادھر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایکس پر پیغام میں دوسری بار صدر منتخب ہونے پر ٹرمپ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ’عالمی معاملات میں ان کی ’طاقت کے ذریعے امن‘ کی سوچ کو سراہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ یہی وہ اصول ہے جو یوکرین میں امن کے قیام میں کردار ادا کرسکتا ہے۔’

ترکیہ

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے ایکس پر لکھا’ مجھے یقین ہے کہ امریکی لوگوں کی طرف سے انتخابات کے ذریعے شروع کیے گئے نئے دور میں ایک منصفانہ اقوام عالم کے لیے مزید کوششیں کی جائیں گی۔’

انہوں نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ ترکیہ اور امریکا کے تعلقات مضبوط ہوں گے اور علاقائی و عالمی بحرانوں اور جنگوں، خاص طور پر فلسطین کے مسئلے اور روس- یوکرین جنگ کا خاتمہ ہوگا۔‘

برطانیہ

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے نومنتخب امریکی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ وہ آنے والے سالوں میں ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’سب سے قریبی ہونے اتحادی کی وجہ سے ہم اپنی آزادی، جمہوریت اور کے لیے دفاع کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔‘

فرانس

فرانسیسی صدر ایمانیوئل میکرون نے الیکشن میں فتح حاصل کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہم مزید امن اور خوشحالی کے لیے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

نیٹو

نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک رُٹے نے بھی نومنتخب صدر کو مبارکباد دی اور کہا کہ ’ان کی قیادت ایک بار پھر ہمارے اتحاد کو مضبوط رکھنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی، میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔‘

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025