اختیارات کا ناجائز استعمال: سابق صوبائی وزیر عاطف خان کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا
خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عاطف خان کو ایک اور کیس میں طلب کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق عاطف خان کو محکمہ سیاحت اور ایجوکیشن کی وزرات میں اختیارات کے ناجائز استعمال پر طلب کرلیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن کے جاری کردہ نوٹس میں عاطف خان پر زمین کی ملکیت کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی پر نجی سوسائٹی کی ترقی کے لیے سرکاری فنڈز کے استعمال کا الزام ہے، نوٹس میں عاطف خان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے متعلق تفصیلات اپنی درخواست میں پیش کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن نے عاطف خان کو گزشتہ روز مالم جبہ منصوبے میں تحقیقات کے لیے طلب کرتے ہوئے 12 نومبر کو 10 بج 30 منٹ پر پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
سابق صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان پر منصوبے میں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔