• KHI: Fajr 5:19am Sunrise 6:35am
  • LHR: Fajr 4:51am Sunrise 6:13am
  • ISB: Fajr 4:57am Sunrise 6:21am
  • KHI: Fajr 5:19am Sunrise 6:35am
  • LHR: Fajr 4:51am Sunrise 6:13am
  • ISB: Fajr 4:57am Sunrise 6:21am

ٹانک: اکاؤنٹ آفس پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک پولیس اہلکار جاں بحق، دوسرا زخمی

شائع October 24, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلح افراد نے اکاؤنٹ آفس جنوبی وزیرستان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس حکام نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حکام کے مطابق حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن شروع کردیا۔

واضح رہے کہ اگست میں ضلع ٹانک میں ہی ججز کے اسکواڈ کی گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے، پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ نامعلوم افراد کے حملے میں 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان ہے، سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی نے رپورٹ کیا تھا کہ حملہ ڈیرہ اسمٰعیل خان روڈ پر بھگوال کے قریب کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ججز کے قافلے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید اہلکاروں میں سپاہی عبداللہ اور سپاہی صمد شامل ہیں، سرکاری ادارے کی رپورٹ میں خیبر پختونخوا پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں ججز محفوظ رہے۔

یاد رہے کہ 27 اپریل کو ٹانک میں سیشن جج شاکراللہ مروت کو اغوا کرلیا گیا تھا جنہیں 2 روز بعد بازیاب کرالیا گیا تھا، جج کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارےکی مشترکہ کارروائی میں بازیاب کرایا گیا تھا۔

بازیابی سے قبل نامعلوم مقام سے بھیجے گئے ویڈیو بیان میں شاکراللہ مروت نے کہا تھا کہ ’طالبان مجھے یہاں لائے ہیں، یہ ایک جنگل ہے اور جنگ جاری ہے۔‘

ایک منٹ طویل ویڈیو پیغام میں سیشن جج نے کہا تھا کہ ان کی رہائی تبھی ممکن ہے جب عسکریت پسندوں کا مطالبہ مان لیا جائے، میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں، پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ طالبان کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے اور میری بازیابی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔

خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا تھا کہ سیشن جج شاکر اللہ مروت ٹانک سے ڈیرہ اسمٰعیل خان جارہے تھے کہ مسلح افراد نے ڈیرہ روڈ بھگوال سے انہیں اغوا کرلیا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 اکتوبر 2024
کارٹون : 23 اکتوبر 2024