• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ

شائع October 19, 2024
— فائل فوٹو :
— فائل فوٹو :

لبنان سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ لبنان سے لانچ کیے گئے ڈرون نے تل ابیب کے شمال میں واقع قیصریہ میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کا خاندان قیصریہ میں موجود نہیں تھا، مزید کہا کہ کسی جان نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

صہیونی فوج نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 2 مزید ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے امکان کو روکا جاسکتا ہے اور میرے خیال میں لبنان میں جنگ بندی کے لیے کام کیا جاسکتا ہے تاہم غزہ میں جنگ بندی انتہائی مشکل ہوگی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق برلن کے دورے کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے تنازعات کو کچھ عرصے کے لیے ختم کیا جاسکتا ہے اور اس کے لیے دونوں ممالک سے دوسرے طریقے سے نمٹنے کے مواقع موجود ہیں۔

یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی ہمارا مشن ختم نہیں ہوا ہے، ہمیں مغویوں کو لازمی طور پر بازیاب کرانا ہے۔

حماس کے سابق سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی ایران میں کیے گئے مبینہ اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد یحییٰ سنوار کو 6 اگست 2024 کو حماس کا سیاسی سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

حماس کے سیاسی دفتر کے سابق سربراہ اسمٰعیل ہنیہ 31 جولائی 2024 کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی بم حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

اسمٰعیل ہنیہ کو نومنتخب ایرانی صدر کو تقریب حلف برداری کے لیے تہران مدعو کیا گیا تھا جہاں ایک عمارت میں اسرائیل کی جانب سے نصب کیے گئے بم کے ذریعے اسمٰعیل ہنیہ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024