• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am

حزب اللہ نے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر ’حیفہ‘ پر درجنوں راکٹ داغ دیے، 12 افراد زخمی

شائع October 8, 2024
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفہ پر 190 میزائل فائر کیے ہیں، اسرائیلی فورسز نے حملے میں اب تک 12 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم دیگر نقصانات سے متعلق کوئی رپورٹ نہیں دی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حزب اللہ نے حیفہ کے جنوب میں اسرائیلی ملٹری انٹیلیجنس یونٹ ’فادی ون‘ کو نشانہ بنایا جب کہ حیفہ کے شمال میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے۔

حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں سائرن بج گئے جب کہ اسرائیلی فوج نے زیادہ تر میزائلوں کو مارنے گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز تقریباً 190 میزائل اسرائیل کی حدود میں داخل ہوئے جس میں صرف 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب، اسرائیلی فورسز نے لبنان میں اپنے حملے مزید تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے، جوابی کارروائی میں 2 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں، جس کے بعد لبنان میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ، چائنا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کی جانب سے لبنان کو ہنگامی طبی سامان فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں فضائی حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک 12 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ اسرائیل کی کارروائیوں میں اضافے کے اعلان نے لبنانیوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

اسرائیلی فورسز نے ساحل سمندر پر جانے والوں اور کشتی استعمال کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی حزب اللہ کے خلاف سمندر سے حملے شروع کرنے جا رہے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت نے سرحدی علاقے میں میونسپل عمارت پر فضائی حملے میں 10 فائر فائٹرز سمیت درجنوں افراد کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 2 ہزار سے زائد لبنانی شہید ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران نے لبنان میں اپنی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے جب کہ اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 8 اکتوبر 2024
کارٹون : 7 اکتوبر 2024