• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

عدنان سمیع خان کی والدہ انتقال کر گئیں

شائع October 7, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت اختیار کرنے والے گلوکار و اداکار عدنان سمیع خان کی والدہ نورین سمیع خان انتقال کر گئیں۔

عدنان سمیع خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں والدہ کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کی والدہ پرسکون حالت میں فانی دنیا سے رخصت ہوئیں۔

انہوں نے مداحوں اور دوستوں سے والدہ کی مغفرت کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی جب کہ ان کے صاحبزادے گلوکار اذان سمیع خان نے بھی اپنی دادی کے انتقال کی خبر کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کیا۔

عدنان سمیع خان نے والدہ کے انتقال سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی بتایا کہ ان کی تدفین کہاں ہو گی۔

نورین سمیع خان کے 1947 میں پیدا ہوئیں اور 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

نورین سمیع خان کے آباؤ و اجداد کا تعلق مقبوضہ جموں و کشمیر سے تھا، تاہم وہ برطانیہ میں پلی بڑھیں اور انہوں نے پاکستانی ایئر فورس کے اہلکار ارشد سمیع خان سے شادی کی جو بعد میں پاکستانی سفیر اور وفاقی سیکریٹری خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے۔

عدنان سمیع خان کے والد ایئرفورس میں خدمات سر انجام دینے کے بعد بطور سفیر بھارت سمیت 14 ممالک میں تعینات رہے جب کہ وہ صدر مملکت کے اے ڈی سی سمیت وزرائے اعظم کے چیف پروٹوکول افسر اور سیکریٹریز کے عہدے پر بھی براجمان رہے۔

عدنان سمیع خان کے والد 67 برس کی عمر میں 2009 میں جب کہ والدہ 77 برس کی عمر میں اب انتقال کر گئیں۔

گلوکار کے والد کی تدفین وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی تھی، تاہم انہوں نے والدہ کی تدفین کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔

عدنان سمیع خان کی والدہ کے انتقال پر پاکستان سمیت بھارت کی شوبز شخصیات اور مداحوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024