• KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am
  • KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am

جنوبی کوریا، امریکا نے حملہ کیا تو جوہری ہتھیار استعمال کریں گے، کم جونگ اُن کی دھمکی

شائع October 4, 2024
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ اگر جنوبی کوریا اور اس کے اتحادی امریکا نے حملہ کیا تو وہ بھی ’بغیر کسی ہچکچاہٹ‘ کے جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے دریغ نہیں کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے خراب ہیں، رواں ہفتے سیئول نے ایک فوجی پریڈ میں بنکر کو تباہ کرنے والے میزائل کی نمائش کی اور صدر یون سک یول نے کم جونگ اُن کو خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا مطلب ہے کہ ان کی خود کی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔

پیانگ یانگ بھی جنوبی کوریا پر غباروں سے بمباری کر رہا ہے، اے ایف پی کے صحافیوں کی جانب سے بھی ایک ایسا ہی منظر دیکھا گیا ہے، سیئول کی فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں ان غباروں کی لانچنگ کا گڑھ معلوم کرلیا ہے۔

سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق کم جونگ اُن نے کہا کہ اگر دشمن کی طاقتیں شمال کی خودمختاری پر تجاوز کر رہی ہیں تو پیانگ یانگ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جوہری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے جارحانہ قوتوں کا مظاہرہ کرے گا۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کی جانب سے تصاویر جاری کی گئی ہیں، جس میں کم جونگ اُن کو جیکٹ میں ملبوس خصوصی آپریشنز فورسز کے تربیتی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

خطاب میں انہوں نے یون سک یول کو ان کے حکومت خاتمے اور امریکا کے ساتھ یکجہتی سے متعلق تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

سیئول کے پاس اپنے جوہری ہتھیار موجود نہیں ہیں، وہ امریکا کے جوہری ہتھیاروں کے چھتری تلے ہے، واشنگٹن نے 1953 میں بغیر کسی امن معاہدے کے کورین جنگ کے خاتمے کے بعد سے ہزاروں فوجی اس ملک میں تعینات کر رکھے ہیں۔

کے سی این اے کی رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن نے کہا کہ یہ سیئول اور واشنگٹن ہیں جو علاقائی سلامتی اور امن کو تباہ کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے جنوبی کوریا کے رہنما کو ’ایبنارمل انسان‘ قرار دیا۔

منگل کے روز جنوبی کوریا نے پیریڈ میں پہلی بار اپنا سب سے بڑا بیلسٹک میزائل ہونمو-5 دکھایا، جو زیر زمین بنکروں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واشنگٹن وقتاً فوقتاً کوریا میں جوہری اثاثے تعینات کرتا رہتا ہے، جس سے پیانگ یانگ سے بڑھتے ہوئے خطرات سے جنوبی کوریا کے تحفظ کی نشاندہی ہوتی ہے۔

جنوبی کوریا کی مسلح افواج کے دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یون سک یول نے کہا کہ اگر شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی کوششوں کی تو ہماری فوج، امریکا اور جمہوریہ کوریا کے اتحاد کی جانب سے بھرپور اور زبردست ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن شمالی کوریا کی حکومت کے خاتمے کا دن ہو گا۔

سیئول کی اتحاد کی وزارت نے کہا کہ توقع ہے کہ شمالی کوریا اگلے ہفتے پارلیمانی اجلاس میں 1991 میں دستخط کیے گئے تاریخی بین الکوریائی معاہدے کو منسوخ کر دے گا۔

رواں سال کم جونگ اُن نے آئین سے اتحاد سے متعلق شقوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے والی ایجنسیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024