• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

گلگت بلتستان میں اے ٹی اے، سائبر کرائم قوانین کے ’غلط استعمال‘ پر احتجاج

شائع September 3, 2024
فوٹو: ڈان اخبار
فوٹو: ڈان اخبار

گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی نے انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) اور سائبر کرائم قوانین کے غلط استعمال کے خلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان قوانین کو علاقے میں ناانصافیوں کے خلاف لوگوں کی آواز کو خاموش کرنے اور اظہار آزادی رائے کو روکنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیر کو نکالی گئی ریلی کی قیادت گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ احسان علی، بلتستان ڈویژن کے صدر نجف علی اور سینئر رہنما بابا جان اور ممتاز نگری نے کی۔

ریلی کے شرکا ریور ویو روڈ پر مارچ کرتے ہوئے سینٹرل پریس کلب گلگت میں جمع ہوئے جہاں کمیٹی کے رہنماؤں نے ریلی کے شرکا سے خطاب کیا۔

اس موقع پر کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے خطے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور سائبر کرائم قوانین کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں اور گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور سائبر کرائم قوانین کے تحت جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں تاکہ ان کی عوان کے حق کے لیے اٹھنے والی آواز کو خاموش کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کے خلاف زبردستی کی کارروائیاں قبول نہیں کی جائیں گی اور وہ اظہار رائے کے اپنے حق کا استعمال جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ گلگت بلتستان حکومت نے حال ہی میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین اور دیگر کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے ہیں۔

عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان ڈویژن کے صدر نجف علی نے کہا کہ وہ مقامی لوگوں کے بنیادی حقوق، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور مقامی زمینوں پر مقامی لوگوں کے حق ملکیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے مقامی لوگوں کے خلاف جعلی مقدمات کا اندراج شروع کر دیا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ علاقے میں گزشتہ دو دہائیوں سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے اور علاقے میں زمینوں پر قبضے اور غیر مقامی افراد کو معدنیات کی تلاش کے لائسنس جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مظاہرین نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں سیاسی کارکنوں کو جاری سائبر کرائم نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا، قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں کے خلاف درج غیر قانونی مقدمات کو خارج کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024