• KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:35pm
  • LHR: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm
  • ISB: Asr 4:28pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:35pm
  • LHR: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm
  • ISB: Asr 4:28pm Maghrib 6:13pm

غزہ میں 25 سال بعد پولیو مہم کا آغاز، اسرئیلی حملوں میں 89 فلسطینی شہید

شائع August 31, 2024
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

غزہ میں 25 سالوں میں پہلی بار پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے لیے 12 لاکھ ویکسین کی خوارکیں جنگ زدہ علاقے میں پہنچادی گئی ہیں جہاں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 89 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں غزہ سے 25 سالوں میں پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم اسرائیل اور حماس کے درمیان دوحہ اور قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی جس کے سبب جنگ زدہ علاقے میں پولیو سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے ڈائریکٹر موسیٰ عابد نے اے ایف پی کو بتایا کہ مقامی صحت کے حکام، اقوام متحدہ اور غیر سرکاری تنظیمیں ملکر آج سے پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع کر رہے ہیں۔

غزہ کے رہائشی بکر دیب نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ اپنے تین بچوں جن کی عمریں 10 سال سے کم ہیں، سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے ویکسینیشن سینٹر پر آنے کے لیے ہجکچاہٹ کا شکار تھا تاہم تاہم جب مجھے سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی تو میں اپنے بچوں کو یہاں پولیو کے قطرے پلائے جو 100 فیصد محفوظ ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے نے بتایا کہ 6 لاکھ 40 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم سے پہلے ہی 12 لاکھ ویکسین غزہ پہنچائی جا چکی ہیں۔

فلسطینی علاقوں کے لیے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ریک پیپرکورن نے کہا کہ تقریباً 4 لاکھ اضافی ویکسین ڈوز بعد میں پہنچیں گی جو اس وقت راستے میں ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو سیکیورٹی کو یقینی بنانا چاہیے اور اس مہم کو محفوظ طریقے سے چلانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

ٹیڈروس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم تمام فریقین سے صحت کی سہولیات کی خاطر بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے غزہ میں پولیو کے خلاف ہنگامی ویکسینیشن مہم کے لیے 50 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا گیا ہے جس پر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔

گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 89 فلسطینی شہید

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے علاقہ خان یونس پر بمباری کی جب کہ نصیرات اور رفح پر بھی صیہونی فوج نے بم برسائے، اس کے علاوہ غزہ کے مختلف علاقوں اسرائیلی کارروائیوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شہادتوں کی تعداد 89 ہوگئی ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 3 روز سے قصبوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، اس دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے گزشتہ روز درجنوں جنگجوؤں کا خاتمہ کیا اور 30 ​​فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

تاہم الجزیرہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں جبالیہ کیمپ میں ایک بچے سمیت عام شہری بھی شہید ہوئے ہیں۔

فلسطینی مزاحمتی تنطیم حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں میں ہمارے 13 جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز غزہ کی جنوبی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں میں 14 فلسیطنی شہید ہوگئے۔

العودہ ہسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ میں نصیرات کیمپ کے مغرب میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ میں فلسطینی شہری دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں ایک مکان پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔

وفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے شمالی غزہ میں بھی متعدد حملے کیے گئے جس میں کم از کم 3 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ 11 ماہ سے جاری جنگ میں اب تک 40 ہزار 91 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، جب کہ اس جنگ میں زخمیوں کی تعداد 94 ہزار 60 ہوچکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024